محکمہ زراعت کاکیڑوں پر قابو پانے کے لئے بائیولوجیکل کنٹرول کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ

جمعہ 20 جنوری 2017 17:59

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء)محکمہ زراعت نے فصلوں پر کیڑوں کے حملہ پر قابو پانے کے لئے بائیولوجیکل کنٹرول کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں محکمہ زراعت وفاق اور پنجاب کے نمائندے، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین، سائنسدان، محققین اور دیگر شامل ہوں گے ،یہ گروپ فصل دشمن کیڑوں کو زہر اور ادویات کے استعمال کو کم سے کم کرنے کے لئے سفارشات مرتب کرے گا۔

(جاری ہے)

ماہرین نے آئی پی ایم ٹیکنالوجی کے استعمال کوبروقت قرار دیا ہے ، مذکورہ گروپ کی تشکیل کا فیصلہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے سلسلہ کی کڑی ہے، علاوہ ازیں فصلوں کو دشمن کیڑوں کے خاتمہ کے لئے محکمہ زراعت کی گیارہ لیبارٹریاں دوست کیڑے بنانے میں مصروف ہیں یہ دوست کیڑے کسی حدتک زہر کے اثرسے بھی محفوظ رہیں گے، محکمہ زراعت کے اس اقدام کا مقصد فضا کوزہر کی وجہ سے آلودگی سے بچانا ہے اور خوراک کو بھی زہر سے بچاناہے، واضح رہے کہ محکمہ زراعت نے کپاس کی قبل از وقت (15اپریل سے پہلی) کاشت پر پابندی عائد کررکھی ہے۔