سرینگر، مختار وازہ کا سزائے موت پانیوالے مظفر راتھر کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

پیر 23 جنوری 2017 18:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ ایک پارٹی وفد کے ہمراہ آج ضلع کولگام کے گائوں کھئی گئے اور کولکتہ کی عدالت کی طرف سے موت کی سزا پانے والے مظفر احمد وانی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کھئی پہنچنے پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اوروہ مختار وازہ کو جلوس کی صورت میں مظفر وانی کے گھر لے گئے۔

لوگ آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔مختار احمد وازہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظفر وانی کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس گزشتہ ایک دہائی سے مذاکرات کی ضرورت پر زور دے رہی ہے لیکن بھارت نے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری نوجوان کو سزائے موت سناکر مستقبل میں امکانی مذاکراتی عمل کونقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جارحیت اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور مذاکرات کی کوئی امید نظرنہیں آرہی ہے۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قراردیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ قانونی ، آئینی اور اخلاقی طور پر تنازعہ کشمیر حل کرنے کا پابند ہے۔ وفد میں محمد یاسر، شبیر احمد ، فیاض احمد اور محمد یعقوب بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :