مدینہ منورہ ، پاکستانی عازمینِ حج کیلئے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حج معاہدات پر دستخط

حجاج کیلئے کھانا، سفری انتظامات مزید بہتر، سِم کی فراہمی یقینی بنائی جائی:سیکرٹری مذہبی امور

پیر 23 جنوری 2017 22:34

مدینہ منورہ ، پاکستانی عازمینِ حج کیلئے سہولیات کی فراہمی کے حوالے ..
مدینہ منورہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج سے متعلق معاہدے طے پا گئے ہیں، جن کے تحت حجاج کیلئے کھانا اور سفری انتظامات پہلے سے بھی بہتر اور سِم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ یہ بات وفاقی سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری نے مدینہ منورہ میں رئیس ادارہ ، موسسہ اھلیہ ادلّہ کے ساتھ عازمینِ حج کو سہولیات کی فراہمی کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے دوران کہی۔

وفد میں وفاقی سیکرٹری کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل حج جدہ ڈاکٹر ساجد یوسفانی، ڈائریکٹر حج سید امتیاز شاہ ،جوائنٹ سیکرٹری حج اور دیگر افسران شریک تھے۔ وفد نے ادارے کی طرف سے حجاج کیلئے اعلیٰ خدمات پر رئیس ادارہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی سیکرٹری نے رئیس ادارہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کے کھانے کیلئے ہوٹل میں مناسب جگہوں کا انتخاب کیا جائے اور تمام ہوٹلوں کی انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ حجاجِ کرام کی سہولت کو مد نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حجاج کو سعودی موبائل سِموں کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنے عزیز و اقارب اور اہل خانہ سے رابطہ رکھ سکیں اور اپنی عبادات احسن طریقے سے ادا کر سکیں۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ پچھلے سال بیگ کے حوالے سے کچھ مسائل پیدا ہوئے، اس سال ہمیں آپ کی رہنمائی چاہیے۔رئیس ادارہ نے کہا کہ پاکستان سے ہمارا تعلق دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ مضبوط ہے۔ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو ہم اپنی سعادت سمجھتے ہیں۔ آئندہ سال حج انتظامات کو پچھلے سالوں سے بھی مزید بہتر کیا جائے گا۔ ملاقات کے آخر میں پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حج معاہدات اور یادداشتوں پر دستخط کئے گئے اور دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :