مغرب سے داخل ہونیوالے بارش کے سسٹم نے ملک کے بیشتر حصے کو لپیٹ میں لے لیا

بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب اورکشمیر میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری بدھ کی صبح تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری رہے گی کراچی میں آج دن بھرموسم خشک اورمطلع جزوی ابر آلود رہے گا ،محکمہ موسمیات کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق ، 8 زخمی

منگل 24 جنوری 2017 20:28

مغرب سے داخل ہونیوالے بارش کے سسٹم نے ملک کے بیشتر حصے کو  لپیٹ میں لے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2017ء) محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب اورکشمیر میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے شیخ ماندہ میں 42 جب کہ سمنگلی 31 ملی میٹر ، قلات 18، جیوانی 08، ڑوب اور نوکنڈی07 جب کہ گوادر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا کے علاقے دیر میں 37، پٹن21، کالام اور پاراچنار 20، چترال 17، میرکھانی16، لوئردیر 14، دروش اور مالم جبہ 13، سیدو شریف11، بالاکوٹ 5، پشاور 4 ، چراٹ 3 ، کوہاٹ اور کاکول2 ، جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان ، بنوں اور رسالپور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں 9 جب کہ مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے علاقے بھکر میں 3 ، راولپنڈی اور جوہرآباد میں 2 ، سرگودھا، اسلام آباد، نورپورتھل، لیہ، مری، چکوال اور میانوالی میں ایک ملی میٹر بارش جب کہ کالام 10، مالم جبہ 06 اور چترال میں ایک انچ برفباری ریکارڈ کی گئی تفصیلات کے مطابق مغرب سے داخل ہونے والے بارش برسانے والے سسٹم نے ملک کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والی ہوائیں بتدریج کراچی سمیت سندھ کے بیشترعلاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہیں، جو بدھ کی صبح تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا باعث بنیں گی، کراچی میں آج دن بھرموسم خشک اورمطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم شمال کی جانب سے ہلکی اور درمیانی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی جب کہ بدھ کو بارش کا امکان ہے۔

بارش اور برفباری سے جہاں موسم خوشگوار اور خشک سردی کا خاتمہ ہورہا ہے وہیں عوام کے مسائل میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شمالی علاقاجات کا ملک کے مختلف علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اس کے علاوہ راولپنڈی کے بینظیر ایئرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک کی 4 پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں ہیں جب کہ ایک پروازمنسوخ کردی گئی ہے۔ کرک میں بجلی اور گیس کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف لوگوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں خواتین نے بھی شرکت کی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اورکشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ جس کے باعث کئی مقامات زیر آب آگئے ہیں جب کہ مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔