لاہور ہائیکورٹ نے بہائوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کی آمدن و اخراجات کی تفصیل اور طالبعلموں کے کوائف طلب کرلئے

بدھ 25 جنوری 2017 22:33

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) لاہورہائیکورٹ کے فل بینچ نے بہائوالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے طالبعلموں کے کوائف ، ان کی انرولمنٹ، رجسٹریشن کا مکمل ریکارڈ اور سب کیمپس کی آمدن اوراخراجات کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ انجینئرنگ سمیت دیگر پر وگراموں میں داخلہ لینے والے طالبعلموں کی انرولمنٹ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے فزیو تھراپی کے پانچ سو سے زائد طالبعلموں کی انرولمنٹ سے معذوری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فزیو تھراپی کی فیکلیٹی اور ہسپتال سے الحاق نہ ہونے کے سبب ان طالبعلموں کی انرولمنٹ نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ طالبعلموں کی انرولمنٹ اور ان کے رہنے کا بندوبست سب سے اہم ہے، یہ مرحلہ طے ہونے کے بعد عدالت ذمہ داروں کا تعین کر کے خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب کرے گی۔ عدالت نے سب کیمپس کے مالک کی جانب سے سب کیمپس کی طالبعلموں کے لئے مفت فراہمی کی پیش کش کا جائزہ لینے کے لئے آئندہ سماعت پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کوطلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت30 جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :