پشاور،تعلیم کے شعبے کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،عاطف خان

بدھ 25 جنوری 2017 23:29

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) صوبائی وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔وہ اپنے دورہ برطانیہ کے دوران لندن میں منعقدہ ورلڈ ایجوکیشن فورم سے خطاب کر رہے تھے ۔

فورم میں دنیا بھر سے ماہرین تعلیم اور اعلیٰ حکومتی پالیسی ساز شخصیات اور عہدیددار شرکت کررہے ہیں ۔فورم میں دنیا میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے مستقبل کی پالیسیوں پر بحث ومباحثہ جاری ہے ۔اس فورم کا اہتمام فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس ، برٹش کونسل ،برطانوی وزارت تعلیم ، ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ٹریڈ اور ڈی ایف آئی ڈی نے کیا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہا کہ تعلیم ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور ہماری حکومت نے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ سکولوں میں اساتذہ کی بھرتی کے نظام کو شفاف بنا دیا ہے اور خالص میرٹ کی بنیاد پر چالیس ہزار اساتذہ کی بھرتی مکمل کی گئی ہے ۔

اسی طرح سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضری کے کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور صوبے میں موجود 27ہزار سے زائد سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور سکولوں میں سہولیات کی روزانہ بنیادوں پر نگرانی کی جارہی ہے جس سے درس وتدریس کا عمل بہتر ہوگیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے بیرونی اداروں کی امداد کے ساتھ صوبائی بجٹ میں بھی اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ بیرونی فنڈنگ کی شفاف انداز میں متعلقہ کاموں پر خرچ کرنے کے لیے باقاعدہ حکمت عملی بنائی گئی ہے ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے برٹش کونسل کے ساتھ اساتذہ کی تربیت کا پروگرام مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں83ہزار سے زیادہ اساتذہ کی تربیت کی جائے گی جس پر صوبائی بجٹ سے 56ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ۔اسی طرح تیرہ سو سے زائد سکولوں میں آئی ٹی لیبز اور سینکڑوں سکولوں میں انٹرایکٹو بورڈ نصب کیے گئے ہیں جس سے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم غریب بچوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :