دکان مالکان کو تجاوزات از خود ہٹانے کے لئے تین دن کا نوٹس، تین دن بعد گرینڈ آپریشن ہوگا، چیئر مین بلدیہ شرقی

جمعرات 26 جنوری 2017 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) بلدیہ شرقی یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائرکے اطراف نائٹ ہوٹلنگ مالکان کی قائم کردہ تجاوزات، ٹھیلے پتھارے، سجی، فش اور دیگر ٹھیلے پتھارے لگانے والے دکانداروں کو چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے از خود تجاوزات ہٹانے کا نوٹس دے دیا۔۔۔انہوں نے یونیورسٹی روڈ کا دورہ کرکے دکانداروں کو تنبہہ کی کہ وہ سامان اپنی دکان کی حدود میں رکھیں اور بالخصوص سجی اور فش کے ٹھیلے لگانے والوں کو بھی فوری طور پر ٹھیلے ہٹانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ اگر تین دن میں ازخود تجاوزات کا خاتمہ یقینی نہیں بنایا گیا توقانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے سامان ضبط کرلیا جائے گا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے ایم سی ریحان صدیقی، محمود الحق، انسپیکٹر نعیم الحق کے علاوہ دیگر عملہ موجود تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت سٹرک کی تعمیر و ترقی کا کام جاری ہے۔ جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار ذمہ دار شہری ہونے کا فرض نبھائیں اور اپنی دکان کی حدود میں ہی اپنا سامان رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نہ صرف ٹریفک کی روانی رواں رکھنی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی ریلیف فراہم کرنا ہے اس لیے تمام مالکان تعاون کریں۔