وزیر اعظم سے عالمی بینک گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹا لینا آئی جورجیوا کی ملاقات

امید ہے ورلڈ بینک پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری آبی تنازع کے حل میں مرکزی کردار ادا کریگا ،ْوزیر اعظم سی ای او عالمی بینک کی وزیراعظم کو پاکستان کے اقتصادی اشاریوں کی غیر معمولی کارکردگی پر مبارکباد عالمی بینک اقتصادی نمو کی شرح کو برقرار رکھنے کیلئے ان تمام اقدامات کی حمایت کرے گا ،ْملاقات میں گفتگو حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پن بجلی کے منصوبوں اور چھوٹے اور درمیانے حجم کے ڈیموں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے ،ْ توانائی، انفراسٹرکچر اور سماجی تحفظ کے شعبہ میں وافر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ،ْ حکومت عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے اپنے بجٹ سے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے ،ْنواز شریف

جمعرات 26 جنوری 2017 23:48

وزیر اعظم سے عالمی بینک گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹا لینا آئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ بینک ثالثی عدالت کے قیام کے ذریعے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری آبی تنازع کے حل میں مرکزی کردار ادا کرے گا ،ْ حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پن بجلی کے منصوبوں اور چھوٹے اور درمیانے حجم کے ڈیموں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے ،ْ توانائی، انفراسٹرکچر اور سماجی تحفظ کے شعبہ میں وافر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ،ْ حکومت عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے اپنے بجٹ سے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔

وہ جمعرات کو عالمی بینک گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹا لینا آئی جورجیوا سے وزیراعظم ہائوس میں گفتگو کرتے ہوتھے جنہوںنے ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ 1960ء جس پر عالمی بینک دستخط کنندہ ہے، کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹس خاص طور پر کشن گنگا اور ریتلے پن بجلی منصوبوں اور مغربی دریائوں پر آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعات کے تصفیہ پر تبادلہ خیال کیا۔

عالمی بینک کی سی ای او کے پہلے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں تقرری پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1952ء سے اپنی عالمی بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی سماجی، بنیادی ڈھانچہ، پانی اور توانائی کے شعبوں میں 1952ء سے اب تک 31 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو سراہا۔ وزیراعظم نے ترقی اور توانائی کے میدان میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے کیلئے پاکستان کو متعدد ترقیاتی پالیسی قرضہ جات کے ذریعے 2014ء سے اب تک 2.5 ارب ڈالر کی فراہمی کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے ان اصلاحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تربیلا iv اور تربیلا v اور داسو ہائیڈرو منصوبہ جات سمیت توانائی کے منصوبوں میں عالمی بینک کی معاونت بھی پاکستان کیلئے قابل قدر ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے دریائے سندھ کے ساتھ پن بجلی کے منصوبوں (میگا ڈیمز) اور بلوچستان میں چھوٹے اور درمیانے حجم کے ڈیموں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔

اس ضمن میں دیامیر بھاشا ڈیم قومی اہمیت کا منصوبہ ہے جو سستی بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آبی ذخیرہ کا حامل ہو گا۔ وزیراعظم نے 75 ملین ڈالر کی فراہمی کے ذریعے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی اور تعمیرنو کیلئے معاونت پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بے گھر افراد کی تیزی سے واپسی کا عمل جاری ہے، حکومت عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے اپنے بجٹ سے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اقتصادی بحالی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اسے توانائی، انفراسٹرکچر اور سماجی تحفظ کے شعبہ میں وافر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، حکومت کے ان اقدامات کی بدولت حاصل ہونے والے نتائج واضح ہیں، ڈھانچہ جاتی اصلاحات صحیح سمت میں گامزن ہیں اور اقتصادی ترقی زور پکڑ رہی ہے، اس رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت کو توانائی، بنیادی ڈھانچہ بالخصوص سڑکوں اور ریل کے نیٹ ورک، تعلیم اور ہنر سکھانے کے میدان میں ترقیاتی پارٹنرز کی معاونت کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے عالمی بینک کی سی ای او کرسٹا لینا جارجیوا کے پاکستان کے دورہ پر شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان باہمی تعلقات کار کیلئے دلچسپی اور کمٹمنٹ کا مظہر ہے۔ سی ای او عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان نے توانائی، بنیادی ڈھانچہ اور مجموعی اقتصادی استحکام کے شعبہ میں بہت ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تربیلا ہائیڈرو پاور توسیعی منصوبہ کا دورہ کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچہ کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئی ہیں اور 2011ء میں جب انہوں نے گذشتہ دورہ کیا تھا، کے مقابلہ میں پاکستان میں انتہائی مثبت تبدیلی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حالات بہت اچھے ہیں اور وزیراعظم کی قیادت اور ذاتی عزم کی بدولت پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری پائی جاتی ہے۔ نائب صدر جنوبی ایشیاء ریجن عالمی بینک اینیتی ڈکسن نے عالمی بینک کے صدر کا پیغام وزیراعظم کو پہنچایا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان نے سیاسی و اقتصادی استحکام حاصل کیا اور سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اب پاکستان بلند شرح نمو کی طرف گامزن ہے۔ سی ای او عالمی بینک نے وزیراعظم کو پاکستان کے اقتصادی اشاریوں کی غیر معمولی کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اقتصادی نمو کی شرح کو برقرار رکھنے کیلئے ان تمام اقدامات کی حمایت کرے گا۔