مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودے گرنے سے 10 بھارتی فوجی ہلاک، متعدد لاپتہ

برفانی تودے گرز سیکٹر میں بھارتی فوجی کیمپ پر گرا جس میں کئی فوجی پھنس گئے ،ْ مسلسل برفباری کے باعث فوج کو آپریشن جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

جمعرات 26 جنوری 2017 23:56

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر کے گرز سیکٹر میں برفانی تودے گرنے سے 10 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی لاپتہ ہوگئے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب گرز سیکٹر میں برفانی تودے گرنے سے 10 فوجی اہلکارہلاک ہوگئے ہیں ،ْ متعدد فوجی اب بھی لاپتہ ہیں۔ برفانی تودے گرز سیکٹر میں بھارتی فوجی کیمپ پر گرا جس میں کئی فوجی پھنس گئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن میں جونیئر کمیشن آفیسر سمیت 7 اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ آپریشن میں 7 فوجی اہلکاروں کی لاشوں کو بھی نکال لیا گیا تاہم متعدد اہلکار اب بھی لاپتہ ہیں اور مسلسل برفباری کے باعث فوج کو آپریشن جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ دوسرا تودہ فوجی جیب پر گرا جس سے 3 اہلکاروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں تاہم کئی تاحال لاپتہ ہیں۔واضح رہے مقبوضہ کشمیر کے مختلف سیکٹرز میں اس سے قبل بھی برفانی تودے گرنے سے متعدد بھارتی فوجیوں کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔