یوم یکجہتی کشمیر کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف کی زیر صدارت اجلاس

جمعہ 27 جنوری 2017 18:24

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) یوم یکجہتی کشمیر5فروری کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف کی زیر صدارت اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری جنگلات ظہور الحسن گیلانی ، سیکرٹری سپورٹس راجہ عباس، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے ظہیر الدین قریشی ،سیکرٹری ورکس طارق محمود ، سیکرٹری صنعت و تجارت راجہ امجد پرویز علی خان ، سیکرٹری ہائوسنگ ملک اسرار ،ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ بشیر چوہدری ، ایڈیشنل سیکرٹری سروسز خالد محمود مرزا، سینئر ایڈیشنل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی طارق ضیاء ، ایڈیشنل سیکرٹری مالیات جمعہ خان ، ڈی آئی جی سردار گلفراز خان ، ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی ، ڈپٹی کمشنر مظفرآبادتہذیب النساء ، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد،ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد بشیرمرز ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سید شکیل گیلانی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر ٹیلی ویژن اور ریڈیو سٹیشنزپر خصوصی پروگرام ٹیلی کاسٹ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ5فروری کے دن مظفرآباد شہر میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائیگا۔

جس کی قیادت وزیر اعظم آزاد کشمیر کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر برہان وانی شہید چوک کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے حوالہ سے اخبارات میں خصوصی سپلیمنٹ کی اشاعت کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر سکولوں اور کالجوں میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ جبکہ آزادکشمیراور پاکستان کو ملانے والے انٹری پوائنٹس پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائیں گی ۔

وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ پانچ فروری کا دن مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے اس دن کو دنیا بھر میں مقیم کشمیر اور پاکستانی بھرپور اور شایان شان انداز سے منائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا ۔ کشمیر ی عوام اپنا پیدائشی حق حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اب وہ دن دور نہیںجب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ وزیر سماجی بہبود نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے اپنے اپنے محکمہ سے متعلق فرائض کو بروقت مکمل کریں اور 5فروری کے دن کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائیں تاکہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا جاسکے۔