نئے تعینات ہونیوالے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے اپنے عہدے کا چارچ سنبھال کر کام شروع کردیا

جمعہ 27 جنوری 2017 23:14

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء)ضلع مظفرگڑھ میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے اپنے عہدے کا چارچ سنبھال کر کام شروع کردیا ہے، انہوں نے ضلعی محکموں کے سربراہان کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی تعمیرو ترقی اور یہاں کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کریں گے اور ضلع کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں گے، اے ڈی سی ریونیو مہرخالد اور اے ڈی سی شہزاد مگسی بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ہر کام میں شفافیت کو پسند کرتے ہیں اور "صاف شفاف پاک پنجاب --"ان کا نعرہ ہے ، انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وہ عملی کام اور اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم پر ترجیح بنیادوں پر کام کیا جائے گا اور ضلع کی عوام کوصحت اور تعلیم کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدمات کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر سیف انور نے کہا کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور کام نہ کرنے والوں کے خلاف موقع پر ہی کاروائی کریں گے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، انہوںنے کہا کہ ضلع کے مسائل کے حل کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، کسی بھی مسئلے پر ان سی کوئی بھی آفیسر رابطہ کرسکتا ہے ان کے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، قبل ازیں ضلعی محکموں کے سربراہان نے اپنا اپنا تعارف کروایا اور اپنے اپنے محکمہ جات کے بارے میں مختصراًبریفنگ دی، اس موقع پرسی ای او صحت ڈاکٹر شاہد مگسی، سی ای او تعلیم شمشیر احمد، ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر انوار الحق چشتی،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر غلام عباس سومرو ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد شہزاد، ایم ایس طیب اردگان ہسپتال ڈاکٹر محمد وسیم سمیت تمام محکمون کے ضلعی افسران موجود تھے۔