پانامہ کیس میں روز بروز مثبت پیش رفت ہورہی ہے ،جہانگیر خان ترین

ہماری محنت کا محور عوام ، عوام ہمیں جو طاقت دیں گے ہم عوامی خدمت کرکے انہیں واپس لوٹائیں گے ، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی

جمعہ 27 جنوری 2017 23:26

پانامہ کیس میں روز بروز مثبت پیش رفت ہورہی ہے ،جہانگیر خان ترین
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں روز بروز مثبت پیش رفت ہورہی ہے آخر کار انصاف پاکستان کے عوام کو ضرور ملے گا طاقتور پہلی بار انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہے ان پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا تاکہ آئندہ پاکستان کا خزانہ لوٹنے کا کوئی سوچ بھی نہ سکے ۔

ان خیالات کا اظہارانہو ں نے ہرنائی میں قبائلی عمائدین حاجی باز محمد ترین ،خیر محمد ترین ،محمد نواز ترین ،علی گل اور دیگر زعماء کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پرمنعقدہ عظیم الشان جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ روایتی سیاسی پارٹیوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کرکے عوام کو پسماندہ رکھا اور پاکستان کوشدید نقصان پہنچایا ہمارا مقصدحکمران بننا نہیں اور نہ ہی ہمیں اقتدار سے دلچسپی اوراسکی ضرورت ہے ہماری محنت کا محور پاکستان کے غریب عوام کی خدمت ہے پی ٹی آئی کا وعدہ ہے کہ عوام ہمیں جو طاقت دیں گے ہم عوامی خدمت کرکے انہیں واپس لوٹائیں گے عوامی مسائل کے حل کا بہترین فورم بلدیاتی ادارے ہیں ہمارا منشور ہے کہ ہر گاؤں اور یونین کونسل کو خودمختار بنائیں گے اور ترقیاتی فنڈزارکان اسمبلی کی بجائے براہ راست نچلی سطح پر پہنچائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن ختم کرکے عوام کو خوشحال بنائیں گے پوری قوم تخت لاہور سے تنگ آچکی ہے اور حکمرانوں پر اللہ تعالیٰ کی گرفت آن پڑی ہے ہم نے ایسا پاکستان بنانا ہے جس میں سرکاری سکولوں میں ایک عام آدمی اور ایک امیر کا بچہ مساوی طور پر معیاری تعلیم حاصل کرسکے اور ایک عام آدمی کا بچہ بھی ملک کا وزیراعظم بن سکے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست تھی یہ ایک ایسی ریاست کا تصور تھا جس میں عوام کی فلاح و بہبود ہو جس کیلئے علامہ اقبال نے کہا کہ ہم برصغر میں ایسا ملک بنائیں گے جو پوری دنیا میں ایک مثال بنے گا لیکن موجودہ شریفوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری کی بجائے مزید تنزلی آرہی ہے ۔

جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا کہ ہم جس نظریے کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں وہ ملک کی ترقی پر مبنی ہے اور عمران خان ملک کی تقدیر کو حقیقی معننوں میں بدلنا چاہتے ہیں خصوصاًغریب اور مزدوروں کی حالت زار میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے ایک جہد مسلسل کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ70سالوں سے ملک کے غریب عوام پر مسلط حکمران کبھی مذہب اور کبھی قومیت کے نام پر عوام سے ووٹ لیتے ہیں ور اسمبلیوں میں پہنچ کر عوام کے مسائل سے عاری ہوجاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 70سالوں سے عوام کا خون چوسنے والے یہ کرپٹ عناصر اب خود کو فرعون سمجھنے لگے ہیںلیکن اب یہ اٹل حقیقت ہے کہ عوام کے ووٹ طاقت ا ور جذبے سے تبدیلی آکر رہے گی بلوچستان میں جوق درجوق پی ٹی آئی میں عوام کی شمولیت عمران خان اور پی ٹی آئی پر اعتماد کا مظہر ہے اور ژوب ،شیرانی ،مکران،تربت،سبی ،ہرنائی،نصیرآباد،جعفر آباد اور پورے بلوچستان میں لوگ جوق درجوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرر ہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے پورے بلوچستان کا دورہ کریں گے ۔سرداریار محمد رندنے جلسے کے منتظمین غلام جان ترین،صدام ترین اور نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکن عمران خان اور پی ٹی آئی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں آنے والی حکومت پی ٹی آئی ہی کی ہوگی۔جلسے سے پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدرنوبزادہ شریف جوگیزئی ،حاجی نور محمد دمڑاور دیگر رہنماؤن نے بھی خطاب کیا۔