Live Updates

پی ٹی آئی نے پارلیمان میں جو نازیبا زبان اور فحش حرکات کیں وہ سڑکوں پر بھی نہیں ملیں گی، ہم نے اپنی جماعت کے ارکان کو روکے رکھا،عمران خان کرپٹ انسان ہیں جو حکومت پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 27 جنوری 2017 23:48

پی ٹی آئی نے پارلیمان میں جو نازیبا زبان اور فحش حرکات کیں وہ سڑکوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں نے بچپن سے لیکر آج تک کبھی کسی کو گالی نہیں دی کیونکہ یہ میری عادت ہی نہیں اور ویسے بھی گالی دینا ہمارے خاندان میں گناہ کبیرہ سمجھا جاتا ہے، جمعہ کو ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پارلیمنٹ میں آتے ہوئے 30 سال ہو گئے ہیں صرف ایک آمر کے دور میں میں منتخب نہیں ہوا کیونکہ ہم نے ان کا مقابلہ کیا لیکن پی ٹی آئی نے پارلیمان میں جو نازیبا زبان اور فحش حرکات کیں وہ سڑکوں پر بھی نہیں ملیں گی، ہم نے اپنی جماعت کے ارکان کو روکے رکھا کیونکہ ہمیں ہدایات تھیں کہ کوئی تلخی نہیں ہونی چاہیے لیکن ایک پارلیمانی لیڈر آدھے گھنٹے سے مسلسل نعرے لگا لگا کر لوگوں کو اکسا رہا ہو اس کی کہیں مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پارلیمنٹ کا تقدس پامال کیا گیا اور ضرورت اس بات کی ہے کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی سیشن میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتی، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کرپٹ انسان ہیں جو حکومت پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت ملک بھر سے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاںکمی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ توانائی اور گیس لوڈ شیڈنگ کا بہترین اور موثر حل ایل این جی ہے اور صنعتی و فرٹیلائزر شعبوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کا حملہ ان کے لیڈر عمران خان کے ذہن کی عکاسی ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ کا نظام چلے، تحریک انصاف کے دھرنوں کی وجہ سے ملک و قوم کا جو نقصان ہوا اس کے ذمہ دار بھی عمران خان ہی ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خود پاناما کیس کو سپریم کورٹ میں لے کر گئی ہے اس لیے انہیں چاہیے کہ مہذب لوگوں کی طرح اب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار بھی کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات