بہائوالدین زکریایونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس منعقد،اہم فیصلے

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:57

ملتان ۔28جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2017ء)بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کی سینڈیکیٹ کا ہفتہ کے روز یہاں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرطاہرامین نے کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرطاہر امین کی طرف سے تین سالہ مدت کے لیے تعینات کیے گئے مختلف شعبہ جات کے سربراہان کو مستقل کردیا ہے‘ ان میں شعبہ کمیونی کیشن سٹڈیزکے پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف خان ، انسٹی ٹیوٹ آف پیو ر اینڈ اپلائیڈ بیالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم ، شعبہ سیاسیات کے ڈاکٹر مقرب اکبر ، شعبہ ہارٹیکلچر کے ڈاکٹر عامر نواز ، پلانٹ پتھالوجی کی ڈاکٹر راشدہ عتیق شامل ہیں ۔

یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ایچ ای سی سے ٹینور ٹریک سے متعلق تمام قواعد و ضوابط تازہ ترین ترامیم کے ساتھ طلب کیے جائیں تاکہ اس کی روشنی میں بہاء ا لدین زکریا یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ میں اپنے اساتذہ سے متعلق انتظامی فیصلوں کی سفارشات لاسکیں‘سینڈیکیٹ نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے 100 سے زیادہ اساتذہ کرام کی زیرتکمیل سالانہ خفیہ رپورٹوں کو مکمل کرانے کے لیے خصوصی اختیارات بھی دیئے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایس کے اساتذہ کے ریکارڈ میں درج سابقہ وائس چانسلر کے تنبیحی ریمارکس حذف کرنے کی ہدایت کی اوراکیڈمک کونسل کے منٹس کو بھی منظور کر لیاگیا ہے۔ سالانہ امتحانات کے نظام کے لیے دو ممبران سنڈیکیٹ کو کمیٹی میں شامل کیاگیا ہے۔ اس میں ڈاکٹر عمران شریف اور ڈاکٹر مقرب اکبر شامل ہیں جبکہ فاصلاتی نظام تعلیم کے طلباء طالبات کے امتحانات کا مسئلہ حل کرلیاگیا ہے۔

ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میںسابق دوررجسٹرار ملک منیر حسین کو افسر بکار خاص بنانے کی منظوری دی گئی ۔ طالب علموں کو اپنی ڈگریوں پر غلط نام کی تصحیح کے لیے رجسٹرار کو نام کی تصحیح کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے‘جس کی فیس ایک ہزار روپے ہوگی․یونیورسٹی کے اساتذہ جو پی ایچ ڈی کررہے ہیں انہیں ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا‘ چار سالہ ہاسٹلز کے طالب علموں کے بقایاجات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ہائوس نے سوال کیاکہ ایسے طلباء جن کے ذمہ ہاسٹلز کے واجبات تھے ان کو کیسے کلیرنس دی گئی۔ ان کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ․پرانے ہاسپیٹلائزیشن کے تمام کیسز کی منظوری دے دی گئی اور ہارس رائڈنگ سکول کے سٹیچوز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں جسٹس (ر) ظفر یسین، ڈاکٹر عاشق محمد خان درانی، ڈاکٹر شعیب انور، ڈاکٹر غلام رضا بھٹی،ڈاکٹر مسعود اختر، ایم پی اے رانا اعجاز احمدنون، محمد اکرم ، نگہت سلطانہ ، رجسٹرار ڈاکٹر مطاہر اقبال، ڈاکٹر عمران شریف، ڈاکٹر مقرب اکبر، انجینئر طاہر سلطان اور آمنہ حسنین نقوی نے شرکت کی۔