Live Updates

پانا ما لیکس معاملے پر سپریم کورٹ کافیصلہ قبول کرینگے نواز شریف کی کرپشن کسی صورت قبول نہیں ،عمران خان

سات مہینے پہلے قطری شہزادہ کہاں تھا، پاناما کیس سے پاکستان کے مستقبل کافیصلہ ہوگا ،کرپشن مافیا بیوروکریسی،سیاسی جماعتوں اورمیڈیا سمیت ہرجگہ موجود ہے ، کرپشن کے خلاف آخری سانس تک لڑتا رہونگا ، پاکستان کا لوٹا گیا پیسہ واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ،دعا کرتا ہوں ڈونلڈ پاکستانیوں کے ویزے بند کر دے ،جلسے سے خطاب

اتوار 29 جنوری 2017 18:10

پانا ما لیکس معاملے پر سپریم کورٹ کافیصلہ قبول کرینگے نواز شریف کی ..

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ پانا ما لیکس معاملے پر سپریم کورٹ کافیصلہ قبول کرینگے نواز شریف کی کرپشن کسی صورت قبول نہیں ،ْسات مہینے پہلے قطری شہزادہ کہاں تھا، پاناما کیس سے پاکستان کے مستقبل کافیصلہ ہوگا ،ْکرپشن مافیا بیوروکریسی،سیاسی جماعتوں اورمیڈیا سمیت ہرجگہ موجود ہے ،ْ کرپشن کے خلاف آخری سانس تک لڑتا رہونگا ،ْ پاکستان کا لوٹا گیا پیسہ واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ،ْدعا کرتا ہوں ڈونلڈ پاکستانیوں کے ویزے بند کر دے ۔

اتوار کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ شاندار استقبال پر ساہیوال کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوںنے بتایا کہ میں نے اخبار میں خبر پڑھی کہ امریکہ میں ایک پاکستانی امریکن لڑکی کو حجاب پہننے پر ائیر پورٹ پر ماراگیا اسے برابھلا کہا گیا عمران خان نے کہا کہ جب سے ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر بنے ہیں یہ سننے میں آرہا ہے کہ شاید پاکستانیوں کو امریکا کے ویزے ہی نہ ملیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میں تو ایک طرح سے دعاگو ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ واقعی پاکستانیوں کے ویزے روک دے اور میں ایسا اس لیے چاہتا ہوں کہ ایسا ہونے کے بعد ہم اپنے ملک کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم چیک اپ کرانے کیلئے بھی باہر جاتا ہے، ہمیں پاکستان کو ٹھیک کرنا ہوگا، اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا۔سات مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک ایران جو پاکستان سے آدھی آبادی رکھتا ہے اس نے امریکا کو جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایران کے ویزے بند کریں گے تو ایران نے کہا کہ ہم امریکیوں کے ویزے بند کردیں گے کیوں کہ وہ خود دار قوم ہے ،ْاپنے پاؤں پر کھڑی ہے۔عمران خان نے کہاکہ ہو سکتا ہے کہ اگلے مرحلے میں امریکی صدر پاکستانیوں کے ویزوں پر بھی پابندی عائد کر دیں اور میری تو دعا ہے کہ امریکی صدر حقیقی معنوں میں ہمارے ویزے روک لیں کیونکہ اگر ایسا ہو گیا تو ہم اپنے ملک کو ٹھیک کر لیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جس دن ہم نے ملک کا نظام ٹھیک کرکے کرپشن ختم کی ،ْمیرٹ کا سسٹم لے آئے اس دن میرا دعویٰ ہے کہ اگر امریکا نے کہا کہ ہم ویزے بند کررہے ہیں تو ہم بھی ایران کی طرح کہیں گے کہ امریکیوں ہم بھی تمہارے ویزے بند کررہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ حکمران ملک کومقروض کررہے ہیں، ہر پاکستانی پر قرضہ چڑھا ہوا ہے اور ان لوگوں کی وجہ سے ہی ہمیں دنیا بھر میں ذلت ملتی ہے۔

انہوں نے مجمع سے استفسار کیا کہ کیا آپ بھیک مانگنے والے کی عزت کرتے ہیں جو آپ کے سامنے ہاتھ پھیلاتا ہے دنیا اس کی عزت نہیں کرتی، جو قومیں خوددار نہیں ہوتیں اور اپنے لوگوں کی عزت نہیں کرتیں ان کی دنیا میں بھی عزت نہیں ہوتی۔پاناما کیس کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا لوٹا گیا پیسہ واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ،ْکرپشن مافیا بیوروکریسی،سیاسی جماعتوں اورمیڈیا سمیت ہرجگہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات مہینے پہلے قطری شہزادہ کہاں تھااورجو قطری شہزادہ سپریم کورٹ میں خط دے رہا ہے وہ نوازشریف کا بزنس پارٹنر ہے عمران خان نے کہاکہ جو قومیں دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلاتی ہیں وہ کبھی بھی عزت نہیں پاتیں اور پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ حکمرانوں کی کرپشن ہے ،ْ پاناما کیس سے پاکستان کے مستقبل کافیصلہ ہوگا۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان میں بڑی سفارش کے بغیر اچھی نوکری نہیں ملتی جبکہ سرکاری نوکریاں بکتی ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے بیرون ملک مقیم ہو گئے لیکن آج وہ لوگ بہت مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے آئی ایم ایف سے اس قدر قرضے لے لئے ہیں کہ ایک ایک پاکستانی لاکھوں روپے کا مقروض ہو گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج گرین پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے حکمران اقتدار میں آتے ہیں اور کرپشن کر کے یہاں سے پیسہ بنا کر بیرون ملک لے جاتے ہیں، پاناما کیس میں پہلی بار ملک کے وزیراعظم کی تلاشی لی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا جو بھی نتیجہ نکلے گا اس کا فائدہ پاکستان کو پہنچے گا اور اب تو مجھے نواز شریف اور مریم نواز پر بھی ترس آ رہا ہے، میاں صاحب بہت زیادتی کر رہے ہیں، بہت جلد یہ ملک ایک عظیم ملک بنے گا اور ہم بھی ایران کی طرح امریکا کو دو ٹوک جواب دیں گے، نوازشریف کو منتخب کرکے ہمیں تو سزا مل رہی ہے اور امریکیوں کو بھی بہت جلد ٹرمپ کو منتخب کرنے پر سزا ملے گی۔

بھارت کی جانب سے دریائے سندھ کا پانی بند کرنے کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کیا اور کہا کہ نریندر مودی ! ہر پاکستانی نوازشریف نہیں ہوتا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور اسٹیل ملز جیسے قومی ادارے کرپشن کی وجہ سے خسارے میں جارہے ہیں، سینکڑوں لوگ بے روزگار گھوم رہے ہیں، ہر شعبے میں ماہرین کی خدمات حاصل کرکے پاکستان کے ہر ادارے کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما اور وزراء ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں ،انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں انہوںنے کہاکہ عابد شیر علی نے مجھے اور عمران کو ریڈار پر رکھنے کی دھمکی دی ،ْعابد شیر علی خود پی ٹی آئی کے ریڈار پر نہ آجائے ،ْہم عابد شیر علی کے ریڈار پر تب آئیں گے جب وہ رانا ثنا اللہ کے ریڈار سے اتریگا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر ہم ثبوت دیتے ہیں ،حکومت کہتی ہے اور ثبوت لے کر آئوہم مزید ثبوت دیتے ہیں ،حکومت قطری خط دے دیتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف آج عوام کی عدالت میں ہے پیر کو قانون کی عدالت میں جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سعدر رفیق خود کو لوہے کا چنا کہتے ہیں اور ہمارے دانت توڑنے کی بات کرتے ہیں ،کچھ عرصے بعد حکومت کے اپنے دانت کھٹے ہونے والے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات