فریدہ بہن جی کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

اتوار 29 جنوری 2017 19:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں کشمیر ماس موئومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہرکرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فریدہ بہن جی نے بانڈی پورہ میں پارٹی کے رہنما محمد اقبال پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت آزادی پسندرہنمائوں اور کارکنوں کو انتقام کانشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے مسرت عالم بٹ،محمد شفیع شریعتی اور ڈاکٹر قاسم فکتو ،عبدالغنی گونی،لطیف احمد واجہ، علی محمد کلے،مرزا نثار،جاوید احمد خان اور اپنی پارٹی کے رہنما بشیر احمد حجام کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کئی افراد گزشتہ 20برس سے نظر بند ہیں۔

(جاری ہے)

فریدہ بہن جی نے کہاکہ اکثر نظر بندوں کی صحت انتہائی گر چکی ہے اور انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھڑ رکھی ہے اور انکے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ فریدہ بہن جی نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور عالمی برادی پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔