عہدوں پر تبدیلیاں یونیورسٹی کے بہترین مفاد میں کی گئیں، ڈاکٹر ظفر معین ناصر

بدھ 1 فروری 2017 21:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ مختلف انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں یونیورسٹی کے بہترین مفاد میں کی گئی ہیں۔ وہ وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نیوٹرل ہواور ہر شعبے میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے شفافیت کو یقینی بنانے کی پالیسی اپنا رکھی ہے اور کسی بھی معاملے میں جانبدارانہ رویہ نہیں اپنایا جائے گا۔ اجلاس میں ڈینز کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر کی حالت کو بہتر بنانے ، شعبہ امتحانات میں ون ونڈو سیل کے قیام، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے قیام اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ کو بہتر بنانے پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈینز نے حال ہی میں بطور رجسٹرار تعینات ہونے والے ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ وائس چانسلر کی جانب سے انہیں بطور رجسٹرار تعینات کرنا بہترین انتخاب ہے اور خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار اور تجربہ کار رجسٹرار کی تقرری یونیورسٹی کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :