سیرا کے خلاف مقدمات کی لیگل ٹیم نے مختلف عدالتوں میں پیروی کرکے ساڑھے پانچ ارب روپے کی خطیر رقم بچائی، جو قابل تحسین ہے۔سیکرٹری سردار محمد فاروق تبسم

بدھ 1 فروری 2017 21:48

مظفرآباد۔ یکم فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2017ء) سیکرٹری سیرا سردار محمد فاروق تبسم نے کہا ہے کہ 08اکتوبر 2005ء کے تباہ کُن زلزلہ کے بعد زلزلہ متاثرین کے لئے دنیا بھر سے انسانیت کے جذبے کے تحت دی گئی امداد کو اُس کے جائز مستحقین پر خرچ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔سیرا کی لیگل ٹیم نے انتہائی محنت اورجانفشانی سے سیرا کے خلاف ہونے والے مقدمات کی مختلف عدالتوں میں پیروی کرکے ساڑھے پانچ ارب روپے کی خطیر رقم بچائی ہے جو قابل تحسین ہے ،ان خیالات کااظہار سیکرٹری سیرا سردار محمد فاروق تبسم نے سیرا کے ڈائریکٹر لیگل سینئر قانون دان عبدالرشید کرناہی ایڈوکیٹ کی جانب سے سیرا لیگل ونگ کے قیام سے لیکر اس وقت تک سول کورٹ سے لیکر اعلیٰ عدلیہ تک مختلف مقدمات کے با رے میں تفصیلی بریفنگ کے موقع پر کیا ، اس موقع پر چیف انجینئر امتیاز احمد بہار ،ڈائریکٹر پلاننگ عابد غنی میر،ڈائریکٹر ایڈمن میر محمد فہیم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظفر اقبال ،فیض علی ،محمود مسکین ،ثمینہ بتول ودیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر لیگل عبدالرشید کرناہی ایڈوکیٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2008ء سے اس وقت تک مختلف عدالتوں میں سیرا کے خلاف 562مقدمات دائر کئے گئے جن میں سے 310مقدمات کافیصلہ ہوچکاہے سیراکے حق میں 294مقدمات جبکہ 16مقدمات کا سیرا کے خلاف فیصلہ ہوا، اس طرح سیرا کے حق میں ہونے والے فیصلوں سے ساڑھے پانچ ارب روپے سے زائد رقم زلزلہ متاثرین کے فنڈز میں بچت ہوئی ،ڈائریکٹر لیگل نے بتایا کہ اس وقت 252مقدمات مختلف عدالتوںمیں زیر کار ہیں جن میں تقریبا ً چھ ارب روپے کی رقم کے کلمیز ہیں ،جس پر سیرا کی ٹیم مختلف عدالتوںمیں پیروی کررہی ہے ۔