گھیا کدو کی کاشت 30مارچ تک مکمل کر نے کی ہدایت

جمعرات 2 فروری 2017 14:24

فیصل آباد۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) زرعی ماہرین نے کہاہے کہ کاشتکار گھیا کدو کی کاشت فروری کے آغاز سے شروع کر کے 30مارچ تک مکمل کر لیں کیونکہ یہ وقت گھیا کدو کی کاشت کے حوالے سے انتہائی موزوں ہے نیز فصل کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرا زمین کا انتخاب بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس طرح بہتر پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہوتی ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے کاشتکار بہتر روئیدگی والا دو سے اڑھائی کلو گرام فی ایکڑ منظور شدہ بیج استعمال کریں اور بوائی سے قبل 10 سے 15ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ ڈال کر اسے زمین میں اچھی طرح ملائیں اور اس کے بعد کچی رائونی کر دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ وتر آنے پرہل و سہاگہ چلایا جائے اور بوائی کے وقت 3سے 4 بار ہل و سہاگہ چلانے سے زمین نرم و بھر بھر ی ہو کر مکمل تیار ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

اس طرح زمین کی تیاری کے بعد کھیت میں 3سے 4میٹر کے فاصلہ پر ڈوری سے نشان لگا دیئے جائیں اور ان نشانوں کے دونوں اطراف 4بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، 1 بوری امونیم سلفیٹ ، 1 بوری پوٹاش یا ڈیڑ ھ بوری ڈی اے پی فی ایکڑ ملا کر ڈالنے سے بہترین پیداوار کاحصول ممکن بنایا جا سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار مزید معلومات کیلئے ماہرین زراعت یا فری ایگری کلچرل ہیلپ لائن سے بھی مشاورت کر سکتے ہیں۔