مقبوضہ کشمیر، بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بھارتی فوجیوں نے رات کے وقت لوگوں کی ہراساں کیا اور رہائشی مکان پر اندھا دھند فائرنگ کی

جمعرات 2 فروری 2017 18:38

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے منٹی گام میںلوگوں نے بھارتی فوجیوں کے جبر واستبداد کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور بانڈی پورہ گریز روڑ پر دھرنا دیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے قابض بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے رات کے وقت علاقے کا محاصرہ کر کے انہیں سخت ہراساں کیا جبکہ مقبول شیخ نامی شخص کے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

لوگوں نے کہا کہ فائرنگ کا سلسلہ رات دو بجے سے صبح چار بجے تک جاری تھا ۔ غلام محی الدین شیخ نامی شخص نے کہا کہ جس گھر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اس میں چودہ افراد رہائش پذیر ہیں اور اگر وہ فرش پر لیٹ نہیں جاتے تو ان کی جانیں جا سکتی تھیں۔ سڑک پر احتجاجی دھرنے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت کافی دیر تک معطل رہی ۔