محمدزبیر عمر نے سندھ کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے حلف لیا

تقریب حلف بردار ی میں وزیر اعلیٰ سندھ ، سپیکرصوبائی اسمبلی ،وزرائے مملکت ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، کورکمانڈر ، میئر کراچی اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت ،لیگی کارکنوں کے شیرآیا ، شیرا ٓیا کے نعرے

جمعرات 2 فروری 2017 20:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 فروری2017ء) محمدزبیر عمر نے سندھ کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے حلف لیا۔جمعرات کو نومنتخب گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نے ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں(ن) لیگ کے کارکنوں کی جانب سے شیر آیاشیر آیا کے نعرے بھی لگائے گئے۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی،وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب،وزیرمملکت کیڈ طارق فضل چوہدری،مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری،دانیال عزیز،صوبائی وزراء،اراکین سندھ اسمبلی،کورکمانڈر کراچی،ڈی جی رینجرزسندھ،میئرکراچی وسیم اختر،ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ محمد زبیر کراچی میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی،آئی بی اے کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی،1980میں طالب علم نمائندے کے طور پر آئی بی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبر بنے،2004سی2007تک امریکن بزنس کونسل کے بورڈ میں مالیاتی مشیر کی خدمات انجام دیں جبکہ 2004سی2007تک اوورسیز انوسٹرزچیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے رکن رہے،2013میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین بنے،18دسمبر2013کو نجکاری کمیشن کے چیئرمین تعینات ہوئے۔…(خ م)