یورپ میں موبائل رومنگ اخراجات ختم ،معاہدہ طے پا گیا

جمعرات 2 فروری 2017 20:41

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2017ء) یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ براعظم یورپ میں موبائل فون کے صارفین کے لیے رومنگ چارجز ختم کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی کمیشن کے اس اعلان کو یورپ میں Digital Single Market کے قیام کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔مذکورہ منصوبے کا اعلان دو سال قبل اس وقت کیا گیا تھا جب یورپی کمیشن نے یکساں ڈیجیٹل مارکیٹ DSM کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہارکیا۔

منصوبے کے تحت یورپی یونین کے رکن ممالک کی حدود میں رومنگ چارجز کے خاتمے پر کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹیلی کمیونی کیشن کی کمپنیوں کی جانب سے اس منصوبے کی شدید مخالفت سامنے آئی جنہیں اپنے منافع کے حوالے سے سخت تشویش لاحق ہے۔اس سلسلے میں مذاکرات کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ تکنیکی مشکلات کے حوالے سے اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں۔یورپی کمیشن کے نائب سربراہ آندرس اینسپ کا کہنا ہے کہ رواں برس 15 جون سے یورپی شہری یورپی یونین کے ممالک میں رومنگ چارجز کے بغیر سفر کر سکیں گے۔معاہدے کے تحت یورپی صارفین براعظم یورپ کے کسی بھی ملک میں اسی نرخ پر انٹرنیٹ ، فون کال اور میسجنگ سروس سے لطف اندوز ہو سکیں گے جس نرخ پر وہ ان خدمات کو اپنے ملک میں استعمال کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :