بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور آسٹریلیا کے بین الاقوامی زرعی تحقیقاتی مرکز کے درمیان تحقیقی پارٹنر شپ کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

جمعہ 3 فروری 2017 22:41

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2017ء)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور آسٹریلیا کے بین الاقوامی زرعی تحقیقاتی مرکز کے درمیان زیر زمین پانی کے لیول اورکسانوں کے معیار زندگی کو بہتر کرنے اور تحقیقی پارٹنر شپ کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ۔ یونیورسٹی کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد جبکہ آسٹریلیا کے زرعی مرکز کی طرف سے ڈاکٹر ایون کرسچن نے اپنے اداروں کی طرف سے دستخط کئے ۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے کہا کہ یونیورسٹی ملک میں زیر زمین پانی کے لیول اور کسانوں کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کے حوالے سے پہلے ہی کام کر رہی ہے اور بین الاقوامی ادارے کے ساتھ تعاون سے یہ کام اور بہتر انداز میں ممکن بنایا جا سکے گا انھوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف تحقیق میں مدد ملے گی بلکہ افرادی قوت اور کسانوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جائے گا بلکہ پانی کا لیول جو دن بدن گر راہا ہے اس کی روک تھام کو بھی ممکن بنایا جا سکے گا ۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت نہ صرف دونوں ادارے تحقیق میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے بلکہ کسانوں میں اس حوالے سے آگاہی بھی فراہم کریں گے اور طلباء اور فیکلٹی کے لئے ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشفاق شیخ، ڈاکڑمیکس، ڈاکٹر جہانگیر، اور فیکلٹی بھی موجود تھی۔