کشمیری ثقافت ,تہذیب وتمدن ہمارا ورثہ اور پہچان ہے ،ہم نے کشمیری کلچر، ثقافت و تہذیب کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اس کو پروان چڑھانے کے لئے بھی کردار ادا کرنا ہے،اہل قلم، دانشوروں اور شعراء کی حوصلہ افزائی کیلئے ایوارڈ بھی دیئے جائیںگے، وزیر سپورٹس، امور نوجواناں و ثقافت چوہدری محمد سعید

جمعہ 3 فروری 2017 22:55

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2017ء) آزادکشمیر کے وزیر سپورٹس، امور نوجواناں و ثقافت چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیری تہذیب وتمدن و ثقافت ہمارا ورثہ اور پہچان ہے۔کسی بھی ملک کی زبان، تاریخ اور تہذیب و ثقافت ہی قوموں کی پہچان ہوتی ہیں۔ ہم نے کشمیری کلچر، ثقافت و تہذیب کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اس کو پروان چڑھانے کے لئے بھی کردار ادا کرنا ہے۔

اہل قلم، دانشوروں اور شعراء کو ایوارڈ بھی دیئے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ہم نے ملکر کشمیری ثقافت ، تہذیب و تمدن کو ترقی دینی ہے ۔ سہ ماہی مجلہ تہذیب کشمیری ثقافت کو زندہ رکھنے میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ میں اس موقع پر سہ ماہی مجلہ تہذیب شائع کرنے پر کشمیر کلچرل اکیڈمی کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر سپورٹس، امور نوجوانان و ثقافت چوہدری محمد سعید نے آج یہاں کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام شائع ہونے والے سہ ماہی میگزین ’تہذیب‘‘ کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت سابق سیکرٹری حکومت محمد اکرم سہیل نے کی۔ تقریب سے سابق سیکرٹری محمد اکرم سہیل، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے راہنما مشتاق الاسلام، شوکت جاوید میر، ناز مظفرآبادی، محمد الطاف اندرابی، سلیم گردیزیشہزاد لولابی، اعجاز نعمانی، راجہ عمران ، سجاد انور عباسی، فرزانہ فرح،، اشتیاق آتش، امرین خواجہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر شاعر، دانشور اور دیگر اہل قلم حضرات بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سپورٹس چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کی حکومت وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ثقافت ہماری پہچان ہے ہم نے اپنی پہچان کی حفاظت خود کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کی ثقافت کی مثال کہیں بھی نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا ادب و ثقافت ہماری پہچان ہے۔ جموں وکشمیر کی ثقافت کو ہم نے اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ وزیر سپورٹس نے کہا کہ تحریک آزادی اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکی ہے۔ برہان مظفروانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کے عوام پر ظلم وستم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔

لیکن آج تک کشمیری کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ تحریک آزادی کی جدوجہد میں میں پہلے سے زیادہ تیزی آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک حق خودارادیت کے حصول کے لئے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے۔