5فروری کو ضلع بھر میں یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقہ کے منایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 3 فروری 2017 23:57

مظفرگڑھ۔3 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی ہر پاکستانی مذمت کرتا ہے اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق 5فروری کو ضلع بھر میں یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقہ کے منایا جائے گا، تمام مکاتب فکرکے علماء، سول سوسائٹی، عوامی نمائندے او رضلع بھر کی عوام کشمیروں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، یہ بات انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت چاروں تحصیل ہیڈ کوارٹر پر بھی کشمیروں کے یکجہتی کے لئے مختلف پروگرام منعقد کرائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ عوام میں یوم یکجہتی کشمیر کا شعور و آگاہی کیلئے بینر لگائے جائیں گے، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ، خورشید آباد گرلز ہائی سکول اور میونسپل کمیٹی کے ہال میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، انہوں نے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں مختلف تقاریب کا اہتمام کریں، انہوںنے کہا کہ ضلع بھر میں منعقد ہونے والے تقاریب میں قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران خصوصی طور پر شرکت کریں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ 5فروری کے شام کو ضلع کے ادیب و شعراء کیلئے ادبی نشست کا بھی اہتمام کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تمام تقاریب کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئر مین میونسپل کمیٹی اکرم خان چانڈیہ، اے ڈی سی ریونیو مہر خالد، اے سی مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی،چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم شمشیر احمد ، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج افتخار بخاری نے شرکت کی۔