ماہی پروری کا تین روزہ تربیتی کورس پرسوں شروع ہو گا

ہفتہ 4 فروری 2017 16:29

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2017ء)محکمہ ماہی پروری پنجاب کے زیر اہتمام ماہی پروری کے شعبے سے منسلک افراد کی پیشہ وارانہ استعدا د کار میں اضافے کے لیے تین روزہ تربیتی کورس 06فروری سے شروع ہو گا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریزٹریننگ راولپنڈی شائستہ وقار نے کہا ہے کہ تین روزہ کورس میں کسی بھی تعلیمی قابلیت کے حامل مرد اور خواتین شرکت کر سکتے ہیں اورتربیت حاصل کرکے فش فارمنگ کا پیشہ اختیار کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کورس کا دورانیہ روزانہ صبح نو بجے سے دن دو بجے تک ہوگا جس کے دوران شرکاء کورس کو فش فارمنگ کے طریقوں سے روشنا س کرایا جائے گا اور انہیں محکمہ ماہی پروری حکومت پنجاب کی طرف سے فش فارمنگ کیلئے مہیا کی گئی سہولیات سے آگاہ کیا جائے گا۔ شائستہ وقار نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے مہیا کی گئی سہولیات اور ترغیبات کے باعث لوگ تیزی سے فش فارمنگ کے نفع بخش کاروبار سے منسلک ہو رہے ہیں اور جن لوگوںکے پاس اپنی زمین موجود ہے وہ اس انتہائی کم سرمایہ کاری سے فش فارمنگ کا پیشہ اختیار کرکے مناسب منافع حاصل کر سکتے ہیں۔