بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں خونریزی بند کرے اور اقوم متحدہ کی زیر نگرانی شفاف اور منصفانہ استصواب رائے منعقد کرنیکی اجازت دے،, بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو حق خود ارادیت دینے سے انکار کررہا ہے جس کا عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعدد قراردادوں کے ذریعے ان سے وعدہ کیا ہے، عالمی برادری بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فورسز کی جانب سے بیگناہ کشمیریوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کرے اور جموں و کشمیر کے عوام سے ستر سال قبل کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں

وزیر اعظم محمد نواز شریف کا یوم یک جہتی کشمیر پر پیغام

ہفتہ 4 فروری 2017 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 فروری2017ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں خونریزی بند کرے اور اقوم متحدہ کی زیر نگرانی شفاف اور منصفانہ استصواب رائے منعقد کرنیکی اجازت دے۔بھارت گزشتی سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو حق خود ارادیت دینے سے انکار کررہا ہے جس کا عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعدد قراردادوں کے زریعے ان سے وعدہ کیا ہے۔

عالمی برادری بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بھارتی فورسز کی جانب سے بیگناہ کشمیریوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کرے اور جموں و کشمیر کے عوام سے ستر سال قبل کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ پاکستانی عوام ’یوم یکجہتی کشمیر‘ منانے میں اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ شریک ہیں اور بنیادی انسانی حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کیلئے کشمیری عوام کے جائز جدوجہد میں اپنی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ میںبہادر کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلیوٹ کرتا ہوں اور جموں و کشمیر سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سب سے دیرینہ مسلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی قابض فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں وحشیانہ قتل و غارت اور ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال سے 150سے زائد کشمیری بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔اسکے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔سینئر حریت رہنماوں کو گرفتار یا انہیں نظر بند کیا گیا ہے۔گزشتی چند ماہ کے دوران بارہ ہزار سے زائد افراد کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام نے اپنے جائز جدوجہد کیلئے بے پناہ قربانیا دی ہیں تاہم بھارت کے تمام تر مظالم انہیں بھارتی تسلط سے آذادی کیلئے جدوجہد سے نہیں روک سکیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے۔اس تنازعے کو حل کئے بغیر اس خطے میں امن اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔