پاکستانی عوام نے یوم یکجہتی کشمیر پر بھارت کا کالا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے ‘کشمیریوں کی تحریک شہیدوں کے خون سے رنگی ہوئی ہے ‘بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھ سکتا ‘مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج بدترین ریاستی دہشت گردی کر کے بے گناہ کشمیری عورتوں بچوں کو شہید کر رہے ہیں

رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا ‘ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار عدنان خورشید اورراجہ اظہر اقبال کا یوم یکجہتی کشمیر کے جلسے سے خطاب

اتوار 5 فروری 2017 17:11

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2017ء) پاکستان قومی اسمبلی کے ممبر چوہدری عابد رضا ،ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار عدنان خورشید ،مسلم لیگ (ن) ضلع بھمبر کے صدر راجہ اظہر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے یوم یکجہتی کشمیر پر بھارت کا کالا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے کشمیریوں کی تحریک شہیدوں کے خون سے رنگی ہوئی ہے بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھ سکتا ۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج بدترین ریاستی دہشت گردی کر کے بے گناہ کشمیری عورتوں بچوں کو شہید کر رہے ہیں ۔ بھارت کی سات لاکھ فوج کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ والہانہ غیر متزلزل الحاق کے عزم کو ختم نہیں کرسکتی ۔ کشمیریوں کے غیر متز لزل عزم کو بھارت ختم نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

بھارت کی پیلٹ گن کشمیریوں کی نظر کو چھین سکتی ہے لیکن کشمیریوں کی آنکھوں میں بسنے والے خواب نہیں چھین سکتی ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چڑیاولہ کے مقام پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔یکجہتی کشمیر کے جلسہ سے ایم این اے چوہدری غلام رضا ،ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار عدنان خورشید ،مسلم لیگ (ن) ضلع بھمبر کے صدر راجہ اظہر اقبال ،چیئرمین زکوة بھمبر راجہ مسعود اسلم ،اسسٹنٹ کمشنر بھمبر چوہدری نزاکت حسین ،صدر بار بھمبر چوہدری عارف سرفراز ایڈووکیٹ ،صدر انجمن تاجراں حاجی عبداللہ ،جنرل سیکرٹری بار ظفر محمود ایڈووکیٹ ،صدر تنظیم غیر جریدہ فاروق زبیر ،شجاعت مرزا و دیگر نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر ایس پی بھمبر یاسین بیگ ،ڈپٹی کمشنر گجرات عرفان علی کاتھیا ،چیئرمین ضلع کونسل چوہدری تنویر ،اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں ذوالفقار علی باگڑی ،ضلعی صدر جماعت اسلامی امجد یوسف ،چوہدری بدر ایڈووکیٹ کے علاوہ صحافیوں ،وکلاء ، سکول اور کالجوں کے طلباء استاتذہ ،خواتین سمیت زندگی کے ہرمکتبہ تعلق سے فکر رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سرینگر لال چوک میں لہرانے والا پاکستانی پرچم بھارت کے کشمیر سے نکل جانے کا واضح پیغام ہے۔کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہندوستانی بھی خود سمجھ چکے ہیں ۔کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے ۔مظفر برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو فیصلہ کن موڑ میں داخل کر دیا ہے ۔بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر کشمیری اور پاکستانی عوام کو ایک عظیم رشتہ میں پرو دیا ہے ۔

تاریخ میں جتنی قربانیاں کشمیریوں نے دیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔مسلح افواج پاکستان ،پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے ۔بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر کے جنوب ایشیاء کو مشکل سے دو چار کر رہا ہے ۔مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔پاکستان نے کشمیر یوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھ کر تحریک آزادی کشمیر کو جان ڈالی ہوئی ہے ۔

کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ وابستگی قائد اعظم کے قول کو سچ ثابت کرتی ہے ۔پاکستانی حکومت اور عوام کنٹرول لائن سے لے کر کسی بھی مشکل مرحلہ میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔پاکستان کے لیے مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کا پیار و محبت ہمارے لیے بڑے فخر کا باعث ہے ۔کشمیریوں نے بھارت کے ظلم و ستم کو سہا کر اس عظیم رشتہ کو نبھایا ہے ۔اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کی جلد کامیابی ،پاکستان کی ترقی اور سلامتی، خوشحالی ، امت مسلمہ کی سربلندی اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کے لیے دعائیں کیں گئیں ۔تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار عدنا ن خورشید نے حکومت پاکستان اور عوام کا بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ یکجہتی منانے پر شکریہ ادا کیا ۔