مقبوضہ کشمیر، مشترکہ مزاحتمی قیادت کی کال پر سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ

عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم اور ناانصافیوں کو روکنے کیلئے موثرکردار ادا کرے، حریت قیادت

پیر 6 فروری 2017 18:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اورمحمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری کئے گئے احتجاجی پروگرام کے سلسلے میں جامع مسجدسرینگر کے باہر کشمیر پربھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں آزادی پسند رہنمائوںاور کارکنوں نے شرکت کی۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر آزادی پسند رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کولکتہ کی ایک عدالت کی طرف سے حال ہی میںکولگام کے نوجوان مظفر احمد راتھر کو سزائے موت سنائے جانے کی مذمت کی اور اسے ناانصافی پر مبنی فیصلہ قراردیا۔ مظاہرین بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کی کشمیر دشمن پالیسیوں اور کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو طاقت کے بل پر دبانے کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ بھارت پُر امن اور منصفانہ جدوجہد میں مصروف عمل کشمیری قیادت اور عوام کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے اپنے جائز حق کے حصول کے لیے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اوربھارتی حکومت ہماری جدوجہد کوطاقت کے بل پر دبانے میں نہ ماضی میں کامیاب ہوا اور نہ مستقبل کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور جب تک بھارت اس مسئلے کے حل کو التوا میں رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا، خطے میں غیر یقینی صورتحال اور سیاسی عدم استحکام ختم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نا انصافیوں اور ظلم و جبر کے خلاف احتجاج کرنا کشمیری عوام کا حق ہے اور عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام پرہونے والے مظالم اور ناانصافیوں کو روکنے کیلئے اپنا موثرکردار ادا کرے۔ آزادی پسند رہنمائوں راجہ معراج الدین کلوال، غلام نبی ذکی، شیخ عبدالرشید، مشتاق احمد صوفی، عمر عادل ڈار، نور محمد کلوال، محمد شفیع خان، امتیاز حیدر، پروفیسر جاوید، ایڈووکیٹ شیخ یاسر دلال، سراج الدین ، فردوس احمد شاہ دیگر رہنمائوںنے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :