ْتعلیمی بورڈ حیدرآباد،میٹرک اور انٹر کے پیپر سیٹرز اور موڈیریٹرز کی ٹریننگ کے لیے سیمینار

پیر 6 فروری 2017 21:38

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) تعلیمی بورڈ حیدرآباد میں میٹرک اور انٹر کے پیپر سیٹرز اور موڈیریٹرز کی ٹریننگ کے لیے ایک سیمینار کا اہتمام کیاگیا جس میں دس اضلاع کے اساتذہ ، پروفیسرز اور پرنسپلز نے شرکت کی ۔ سیمینار میں گزشتہ پانچ سال کے امتحانی پرچوں کا ایک جائزہ بھی پیش کیاگیا اور واضح کیاگیا کہ ہمارے امتحانی پرچے ایک مدت سے ایک ہی سطح کے نظر آرہے ہیں ۔

اس موقع پر ڈاکٹر عرفان احمد رند اور ڈاکٹر فدا حسین چانگ نے ٹریننگ کے فرائض انجام دیتے ہوئے امتحانی پرچوں ، نصابی حدود ، کالجز اور اسکولز میں تدریسی عمل کے تناظر پر ایک رپورٹ بھی پیش کی اور پیپر سیٹرزکو واضح کیا کہ ہم لیاقت ، ذہانت اور صلاحیت کو مد نظر رکھتے ہوئے پیپرز سیٹ نہیں کر رہے جب کہ ہمیں اپنے پرچوں کی سطح اور معیار کو بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد میمن نے کہا کہ ابھی ہمیں بہت محنت کرنی ہوگی اور ہمیں کوئسچن بنک کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ایم سی کیوز کے پرچوں کو ای مارکنگ کی طرف لے کر جارہے ہیں ۔کنٹرولر امتحانات مسرور احمد زئی نے واضح کیا کہ یہ ٹریننگ ابھی صرف پیپر سیٹرز اور موڈیریٹرز کے لیے ہے ۔ لیکن میٹرک کے امتحان کے فوراً بعد اور انٹر کے امتحان سے قبل درمیان کے ایک مہینے میں ہم اسسمینٹ ٹریننگ کا اہتمام کر رہے ہیں اور یہ ٹریننگ ہم تین مختلف اضلاع میں منعقد کریں گے ۔

جب کہ تین دیگر اضلاع میں انٹر کی اسسمنٹ ٹریننگ کا انتظام کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ ہم ایم سی کیوز کے پرچوں کا نتیجہ اپنی ویب سائیڈ پر دوسرے ہی دن جاری کر دیں ۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ شاہ نواز ،ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ معراج النسا بھی موجود تھیںجبکہ تقریب کے اختتام کے موقع پر تمام شرکا کو ٹریننگ سرٹیفکٹ بھی دیئے گئے ۔