مضحکہ خیز اور بے معنی بیانات سے کشمیر کے بارے میں حقائق کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا۔حریت کانفرنس

نو اور گیارہ فروری کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائیگی

منگل 7 فروری 2017 20:06

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کشمیر بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کے حل میں تاخیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے جس سے جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن کو مسلسل خطرہ لاحق ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حل طلب مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی بھارت اسلحہ اورہتھیاروں کے بجٹ میں بھاری اضافہ کررہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی شہریوں کی اکثریت ابتر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کا بیان کہ ’’کشمیر ہمیشہ بھارت کا حصہ تھا اور رہے گا ‘‘کی مذمت کرتے ہوئے اسے روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ اس طرح کے مضحکہ خیز بیانات سے تنازعہ کشمیر کے بارے میں حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔ حریت کانفرنس نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی حمایت کی ہے۔

معروف کشمیری شہداء محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر نو اور گیارہ فرروری کو پوری وادی کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیاد ت نے دی ہے ۔ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11فروری 1984کو اور محمد افضل گورو کو9فروری 2013کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر دونوںشہدا کی میتوںکو جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔

ادھر بھارتی پولیس نے کپواڑہ میںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے دفتر پر چھاپہ مار کر توڑ پھوڑ کی اور دفتر میں موجود تمام سامان ساتھ لے گئے۔دریں اثناء تحریک حریت جموںوکشمیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں پر مشتمل وفود شہید کشمیری نوجوانوں اظہر الدین اور سجاد احمد لون کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے سوپور اور کپواڑہ گئے۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری بڑے پیمانے پر گرفتاریوں سے وادی کے لوگوں خا ص طورپر والدین میں خو ف و ہراس پھیل گیا ہے ۔

بیان میں اظہر الدین کی میت لینے کیلئے بارہمولہ پولیس اسٹیشن جانیوالے دو درجن سے زائد نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاری پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے ۔ اظہر الدین اور سجاد احمد لون کو بھارتی فوجیوںنے ہفتہ کے روز شہید کردیا تھا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء نعیم احمدخان نے جموں ریجن کے سات روزہ دورے کے بعد سرینگر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیہات دفاع کمیٹیاں ہندو انتہا پسند قوتوں کے زیر سایہ کام کررہی ہیں اور یہ خطے کے مسلمانوں کیلئے بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔