زرعی اجناس کی بمپر کراپس کے حصول کیلئے سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے، محکمہ زراعت

بدھ 8 فروری 2017 16:28

فیصل آباد۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کیلئے مختلف ہدایات جاری کی ہیں اور زرعی اجناس کی بمپر کراپس کے حصول کیلئے سفارشات پر عملدرآمد کا بھی مشورہ دیا ہے ۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار موسم گرما کی سبزیات 15فروری سے 15مارچ تک اور بہاریہ سورج مکھی کے کاشتکار فروری کے آخر تک کاشت مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بہاریہ کماد کی کاشت مارچ کے وسط تک مکمل کی جا سکتی ہے لیکن بہاریہ کماد کیلئے مونڈھی فصل سے بیج کا انتخاب کسی صورت نہ کیا جائے۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے 20فروری سے مہم کا آغاز کر رہا ہے کیونکہ جڑی بوٹیاں نہ صرف فصلات کی پیداوار میں کمی کا باعث بن رہی ہیں بلکہ ان سے کھادوں اور سپرے کے اضافی اخراجات کا بھی سامنا کر نا پڑتا ہے۔انہوںنے کہا کہ کاشتکار 15اپریل سے پہلے کپاس کی کاشت ہرگز نہ کریں ورنہ ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔