کپاس کو مختلف قسم کے کیڑوں ، سفید مکھی ، سبز تیلے ، سست تیلے سے بچانے کیلئے 10لاکھ زراعت دوست کیڑوں کرائی سوپر لا کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 8 فروری 2017 16:28

فیصل آباد۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء): محکمہ زراعت نے کپاس کو مختلف قسم کے کیڑوں ، سفید مکھی ، سبز تیلے ، سست تیلے سے بچانے کیلئے 10لاکھ زراعت دوست کیڑوں کرائی سوپر لا کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی 11لیبارٹریوں کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے 10لاکھ دوست کیڑے بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے جن کیلئے پنجاب میں محکمہ زراعت کی 11لیبارٹریاں ان کی افزائش نسل کرنے میں مصروف ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ کرائی سوپرلااور ٹرائی کوگراما بہترین دوست کیڑے ہیں جبکہ زرعی ماہرین نے ان کیڑوں کو انتہائی مفید قرار دے دیا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ کرائی سوپرلانامی یہ کیڑا 329سفید مکھیوں کے بچوں اور 288سبز تیلے اور 100سست تیلے کو کھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ یہ کیڑا کسانوں کو محکمہ زراعت کی طرف سے مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ محکمہ زراعت نے ٹرائی کو گراما نامی دوست کیڑا بھی بنانا شروع کر دیا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ یہ دونوں کیڑے دشمن کیڑوں کو اپنی غذا بناتے ہیں جس وجہ سے فصل دشمن کیڑوں سے محفوظ رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کے کیڑے آف سیزن میں دوسری سبزیوں اور متبادل پودوں میں چھپ کراپنی زندگی بچا لیتے ہیں نیز کپاس کے کیڑے جنوری میں متبادل فصلوں میں گھس کر اپنی بقاء کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف ہو جا تے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ چست تیلہ بالغ حالت میں بینگن، ٹماٹراور آلو کی فصلوں کو اپنا مسکن بنا لیتا ہے ، سفید مکھی بالغ اور بچوں کی حالت میں گوبھی، آلو ، ٹماٹر اور تھرپس بالغ حالت میں لہسن اور پیاز، سست تیلہ بالغ اور بچوں کی حالت میں گوبھی اور جڑی بوٹیاں ، مائٹس بالغ اور بچوں کی حالت میں گوبھی اور جڑی بوٹیوں، گلابی سنڈی خوابیدگی کی حالت میں ٹینڈوں میں،لشکری سنڈی کویا حالت میں مٹر گاجر بند گوبھی، پھول گوبھی اور ملی بگ بالغ اور بچوں کی حالت میں کپاس کی چھڑیوں میں جڑی بوٹیاں اور چائنہ گلاب میں موجود ہوتے ہیں جبکہ لشکری سنڈی اور چتکبری سنڈی بھی دوسری فصلوں میں موجود رہ کر اپنی بقاء یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے۔