زیتون کے شعبے کی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کومعاونت فراہم کی جائے گی، سیکرٹری زراعت

جمعرات 9 فروری 2017 14:11

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء)سیکرٹری زراعت محمد محمود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب پوٹھوہار میں زیتون کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی ترقی کے مواقعوں کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے۔ زیتون کے شعبے کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے والے حضرات کومعاونت فراہم کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے باری چکوال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب وادئ زیتون کے قیام اور ترقی کیلئے پانچ سالوں میں 20لاکھ پودے مفت فراہم کرے گی جس سے تقریباًً 15ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت ممکن ہو سکے گی۔اس موقع پر یو ایس ایڈ نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارے کے ساتھ اولیو ریسرچ سنٹر کے قیام کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت اور پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے زیتون کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ اور تحقیق کیلئی(Olive) اولیو فائونڈیشن کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

صوبائی ڈائریکٹر یو ایس ایڈلاہور ایلیسن میک فارلینڈنے کہا کہ یہ گروپ پنجاب میں زیتون کے شعبے کی ترقی کیلئے مربوط نقطہء نظر، فیصلہ سازی ، نئی اصلاحات ، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ایس ایڈ پوٹھوہار کو وادی زیتون میں تبدیل کرنے کی کاوشوں میں معاونت کررہاہے۔