محکمہ زراعت نے پنجاب کے مختلف اضلاع کا ایک لاکھ 48 ہزار ایکڑ رقبہ قابل کاشت بنا دیا

جمعرات 9 فروری 2017 14:32

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) محکمہ زراعت نے شبانہ روز جدو جہد کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع کا ایک لاکھ 48ہزار ایکڑ نا قابل کاشت رقبہ قابل کاشت بنا دیا ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ 5سالوں کے دوران مذکورہ رقبہ کو قابل کاشت بنانے سے زرعی اجناس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اضافی پیداوار برآمد کرنے کے مواقع بھی حاصل ہو رہے ہیں،محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ پنجاب کا کل زیر کاشت رقبہ 3کروڑ 9لاکھ 78ہزار 518ایکڑ ہے جس میں سے مزید 38لاکھ 82ہزار 615ایکڑ رقبہ قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے جبکہ پنجاب میں اب بھی 71لاکھ 77ہزار 667ایکڑ ناقابل کاشت رقبہ موجود ہے۔

انہوںنے بتایاکہ محکمہ زراعت کے فیلڈ ونگ کو سال 2016-17 ء کے اختتام 30جون 2017ء تک 50ہزار ایکڑ ناقابل کاشت رقبے کو قابل کاشت بنانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین کی محنت اور بہترین منصوبہ بندی کی بدولت اس ہدف کی تکمیل یقینی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ایک پراجیکٹ (یو این ڈی پی 2007-12) کے دوران پنجاب میں 1لاکھ 71ہزار تھور زدہ رقبے کو آباد کیا گیا۔ انہوںنے بتایاکہ محکمہ انہار کی جانب سے حکومت پنجاب کو دی گئی معلومات کے مطابق 2016-17تا 2017-18 ء میں اے ڈی پی میں صفائی کیلئے 2ارب روپے اور نکاسی سسٹم کی توسیع کیلئے 1ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے ذریعے 1لاکھ 88ہزار ایکڑ رقبہ قابل کاشت بنایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :