پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور نے طلبہ کی سہولت کیلئے آن لائن بینک چالان کی فراہمی کا آغاز کر دیا

جمعرات 9 فروری 2017 22:05

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء) پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور نے طلبہ کی سہولت کیلئے آن لائن بینک چالان کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلہ میں گذشتہ روز بورڈ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیئرپرسن فنی تعلیمی بورڈ میڈم صائمہ جاوید نے تقریب کا افتتاح کیا۔ سسٹم اینالسٹ فنی تعلیمی بورڈ ذوالفقار احمد چیمہ کی سربراہی میں آئی ٹی ٹیم نے بریفنگ دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے۔ فنی تعلیمی بورڈ وزیر اعلٰی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت شیخ علائو الدین کی سربراہی اور رہنمائی میں معیاری و شفاف فنی تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

فنی تعلیمی بورڈ پنجاب جغرافیائی لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا بورڈ ہے۔

جس کا دائرہ اختیار پنجاب کے علاوہ آزاد کشمیر، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور گلگت بلتستان تک پھیلا ہوا ہے۔ چیئرپرسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ فنی تعلیم کے طلبہ کو اپنے مسائل کے حل کے لئے دور دراز سے لاہور آنے کی ضرورت نہ پڑے۔ ان کے گھر کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ اُن کا وقت اور پیسہ ضائع نہ ہو۔ ہم آئی ٹی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر کے اپنے نظام کو محفوظ صاف و شفاف اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔

ان اقدامات سے طلبہ، والدین اور اساتذہ کا جہاں اعتماد بڑھے گا وہاں نوجوان فنی تعلیم کی طرف راغب ہوں گے۔ بینک چالان آن لائن فراہمی کے انتظامات کے مکمل کرنے پر انہوں نے بورڈ کی آئی ٹی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ سیکرٹری بورڈ امتیاز نذیر، کنٹرولر امتحانات انجینئر محمد ارشد، ڈپٹی سیکرٹری محمد سلیمان ،محمد انور ملک منیجر یوبی ایل بینک اور دوسرے افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :