عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بحالی ہماری اولین ذمہ داری بھی ہے ، راجہ فاروق حیدر خان

امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 10 فروری 2017 18:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ریاست سے جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں پولیس کا کردار اہم ہوتا ہے ۔ داخلی سلامتی ،دہشت گردی اورقانون کی عملدداری پر پولیس کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے محکمہ پولیس میں مزید اصلاحات لائیں گے۔

محکمہ پولیس کے تمام شعبوں میں تنظیم نو کے لئے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے بہتر طور پر خدمات انجام دے سکے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے تحت 700جوان بھرتی کیئے جائیں گے۔ محکمہ پولیس کو جدید اسلحہ اور آلات فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی عمدگی سے انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں پولیس پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس اور سٹاف میں خصوصی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات بھی تقسیم کیئے۔ تقریب سے انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر محمد بشیر میمن نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر آزاد جموں وکشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر، وزیر جنگلات آزادکشمیر سردار میر اکبر خان، وزیر حکومت ناصر ڈار، ممبران اسمبلی چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ، ڈاکٹر مصطفے بشیر عباسی، محترمہ فائزہ امتیاز، سیکرٹریز حکومت، سربراہان محکمہ جات، صحافی، پولیس کے آفیسران وجوان اور سول سوسائٹی کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی ترقی میں ادارے فعال کردار ادا کرتے ہیں ، تربیت مکمل کرنے والے جوان خدمت خلق کے جذبہ کے ساتھ ریاست اور عوام کے لئے خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے تمام تربیتی اداروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ یہاں سے تربیت حاصل کرکے ریاست اور عوام کی بہتر خدمت کر سکیں۔

اس سے پہلے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان جب وہاں پہنچے تو انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر بشیر میمن نے استقبال کیا اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم آزادکشمیر نے تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس اور سٹاف میں سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات بھی تقسیم کیئے۔بعد ازاں وزیراعظم آزادکشمیر کو تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس نے سلامی دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس بشیر میمن نے کہا کہ آزادکشمیر میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ وسائل کے اندر رہتے ہوئے پولیس کے جوان اپنے فرائض منصبی عمدگی سے انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بحالی ہماری اولین ذمہ داری بھی ہے اور ترجیح بھی۔ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے امید کرتا ہوں کہ وہ اپنے فرائض منصبی محنت، لگن اور دیانتداری سے انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :