سرکلر ریلوے سے متاثرین کیلئے حکومت متبادل معاوضہ یا جگہ کے حوالے سے حکومت اپنی پالیسی واضح کرے، حکومت عوام کو آگاہ کرے کہ منصوبے کے لئے کتنی زمین درکار ہے اور کن شرائط پر زمین متاثرین سے لی جائے گی ، یہ آبادیاں رجسٹرڈ ہیں ،متاثرین سرکلر ریلوے کو حکومت پاکستان کے کچی آباد ی ایکٹ کے عین مطابق حقوق دئے جائیں

تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کا بیان

جمعہ 10 فروری 2017 23:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سرکلر ریلوے سے متاثرین کیلئے حکومت متبادل معاوضہ یا جگہ کے حوالے سے حکومت اپنی پالیسی واضح کرے، حکومت عوام کو آگاہ کرے کہ منصوبے کے لئے کتنی زمین درکار ہے اور کن شرائط پر زمین متاثرین سے لی جائے گی ، یہ آبادیاں نہ صرف 1960سے قائم ہیں بلکہ کچی آبادی میںبھی رجسٹرڈ ہے ،متاثرین سرکلر ریلوے کو حکومت پاکستان کے کچی آباد ی ایکٹ کے عین مطابق حقوق دئے جائیں۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میڈیا چینلز اور اخبارات میں آئے روز کراچی سرکلر ریلو ے کے حوالے سے خبریں شائع ہو رہی ہیں جس سے عوا م میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت عوام کو آگاہ کرے کہ منصوبے کے لئے کتنی زمین درکار ہے اور کن شرائط پر زمین متاثرین سے لی جائے گی ۔ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں جن کے گھر مسمار ہونے ہیں ان متاثرین کیلئے حکومت متبادل معاوضہ یا جگہ کے حوالے سے حکومت اپنی پالیسی واضح کرے۔

جمعہ کو یہ باتیں انہوں نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیں۔ عارف علوی نے مزید کہا کہ یہ آبادیاں نہ صرف 1960سے قائم ہیں بلکہ کچی آبادی میںبھی رجسٹرڈ ہے اس کے علاوہ یہاں گیس ، پانی، بجلی اور ٹیلی فون اور اس حلقے میں ووٹ کا حق دیکر حکومت ان کو متعلقہ حلقوں کی آبادی تسلیم کر چکی ہے لہذا ان متاثرین کو اس بات کی ضمانت دی جائے کہ ان کو قبضہ مافیا تصور نہیں کیا جائے گا اور جب تک متاثرین کو متبادل جگہ ، رہائش یا معاوضہ فراہم نہیں کیاجاتا تب تک ان کے گھروں کو مسمار نہیں کیا جائے گا ۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکلر ریلوے کے متاثرین کو کو پانچ کلو میٹر کے اندر شہر میں متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ ان کے بچوں کی تعلیم ،صحت اور روزگار متاثر نہ ہو۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ متبادل جگہ کی صورت میں مکانات کی تعمیر کے لئے متاثرین کو تعمیر ی اخراجات کے حوالے سے مناسب معاوضہ ادا کیا جائے اور متاثرین سرکلر ریلوے کو حکومت پاکستان کے کچی آباد ی ایکٹ کے عین مطابق حقوق دئے جائیں۔ جو آبادیاں اس منصوبے میں نہیں آتی ان کو فی الفور مالکانہ حقوق دیئے جائیں ۔ پاکستان تحریک انصاف اس ترقیاتی منصوبے کے حق میں ہے لیکن غریب عوام کے نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔(ع ع)