صوبائی حکومت کے تین سالہ دور میں پولیو جیسے موذی مرض میں خاطر خواہ کمی آئی ہے،پرویزخٹک

صوبائی حکومت تاریخ میں پہلی بار صوبے کے ہسپتالوں کو خود مختاری دینے میں کامیاب ہو ئی ہسپتالوں کی خودمختاری صوبائی حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں تھی مگر ہم نے مافیاز کی شدید مزاحمت کے باوجود یہ مشکل کام کر دکھایا

جمعہ 10 فروری 2017 23:29

صوبائی حکومت کے تین سالہ دور میں پولیو جیسے موذی مرض میں خاطر خواہ کمی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پولیو کو زیر و لیول پر لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے تین سالہ دور میں پولیو جیسے موذی مرض میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جو ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔انہوںنے روٹری انٹرنیشنل کی پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشوں کو سراہااور کہاکہ پولیو کے خلاف جدوجہد کو منظم بنانے سے زیادہ بہتر نتائج آئیں گے ۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ایم این سی ایچ پراجیکٹ کے تحت روٹری کی جانب سے کمیونٹی مڈ وائیوز میں موبائل فون کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل ، سیکرٹری صحت عابد مجید ، ایم این سی ایچ ،روٹری انٹرنیشنل اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے کمیونٹی مڈ وائیوز نے موبائل فون کی تقسیم ایک اچھا اقدام ہے ۔

پولیو کے خلاف مجموعی جدوجہد میں کمیونٹی مڈ وائیوز نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوام کو صحت کی معیار ی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت کے شعبہ میں قابل عمل اصلاحات کی ہیں جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔صوبائی حکومت تاریخ میں پہلی بار صوبے کے ہسپتالوں کو خود مختاری دینے میں کامیاب ہو ئی ۔

ہسپتالوں کی خودمختاری صوبائی حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں تھی مگر ہم نے مافیاز کی شدید مزاحمت کے باوجود یہ مشکل کام کر دکھایا۔انہوںنے کہاکہ حکومت صوبے کے طبی اداروں میں معیاری اور سستے علاج کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔صوبائی حکومت پولیو سمیت تمام مہلک بیماریوں سے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔

صوبے کے ہسپتالوں میں جان لیوا امراض کے علاج کی مفت سہولت فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر کے حوالے سے بھی عوامی آگہی مہم کا سلسلہ شروع ہے۔ صوبائی حکومت کی کوششوں سے سال2016 ء میں پولیو کے کیسوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کو پولیو فری بنا کر دم لیں گے ۔ انہوںنے روٹری انٹرنیشنل اور دیگر پارٹنرز کا بھی شکریہ ادا کیا جو پولیو کے خاتمے کی اس جنگ میں ہمارے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

روٹری انٹرنیشنل نے پولیو کے خلاف جدوجہد میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوںنے شعبہ صحت میں صوبائی حکومت کی اصلاحات کا بھی اعتراف کیااور کہاکہ اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں انسداد پولیو کی سرگرمیوںمیں پشاور میں زیادہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کمیونٹی مڈ وائیوز کے درمیان روٹری کے فراہم کردہ موبائل فون تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :