صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانتہ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، گورنر سندھ

ہفتہ 11 فروری 2017 22:52

صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانتہ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار کو 7 فیصد سالانہ تک کرنے کے خواب کا حصول کراچی کی ترقی میں مضمر ہے، کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی انڈسٹریل فورم اور کراچی کے 7 صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد کی سربراہی معروف صنعت کار سراج قاسم تیلی کر رہے تھے۔ پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ محمد صالح احمد فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف صنعت کاروں اور تاجروں کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور کل ہونے والی ملاقات میں انہوں نے مجھے ہدایت کی ہے کہ تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے خصوصاً بجلی ، گیس اور پانی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت اس ضمن میں خصوصی اقدامات کرے گی۔ گورنر سندھ نے مختلف یوٹیلٹی اداروں کی جانب سے مسائل کی نشاندہی کے باوجود توجہ نہ دیئے جانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس ضمن میں فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ صوبہ سندھ کوصنعتی ترقی کا مرکز بنانے کے لئے مزید اقدامات کریں۔ وفد کے اراکین میں زبیر موتی والا، ھلال شیخ، جاوید بلوانی، میاں محمد احمد، مسعود نقی، زین بشیر، یونس بنیر، اخلاق خلیل، اسد نثار اور سلیمان چائولہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :