مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے 6کشمیریوں کو شہید کر دیا

بھارتی ہٹ دھرمی کشمیریوں کی خون ریزی کا باعث ہے‘ سید علی گیلانی

اتوار 12 فروری 2017 22:53

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں بھارتی فوجیوں نے ایک پر تشدد آپریشن کے دوران گزشتہ روز کم از کم چھ کشمیری شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان کشمیریوں کو علاقے میں ہونے والی ایک جھڑپ میں کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کیا۔ شہید ہونے والے کشمیریوں میں چار کی شناخت مدثر احمد تانترے، وکیل ٹھوکر، فاروق احمد بٹ اور محمد یونس لون کے طور پر ہوئی ہے۔

بھارتی فوج کے محاصرے کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زبردست مظاہرے شروع کر دیے۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لییگولیاں اورپیلٹ فائرکیے اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جسکے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

قابض فورسز کی کارروائی اس قدر پرشدید تھی کہ میڈیا رپورٹروں کو جانیں بچانے کے لیے نزدیکی گھروںمیں پناہ لینی پڑی۔

دو درجن کے قریب زخمیوں کو اسلام آباد ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ شدید زخمیوں کو صورہ ہسپتال سرینگرمنتقل کیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں شہید ہونے والے افراد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے قتل کے پیچھے بھارتی ہٹ دھرمی کارفرما ہے۔