مقبوضہ کشمیر غاصب بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے فائرنگ اور چھروں کے بے دریغ استعمال سے درجنوں کشمیری شدید زخمی ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 13 فروری 2017 13:36

مقبوضہ کشمیر غاصب بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے فائرنگ اور چھروں ..

سری نگر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 فروری۔2017ء) مقبوضہ کشمیر غاصب بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے فائرنگ اور چھروں کے بے دریغ استعمال سے درجنوں کشمیری شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ کئی ماہ کے تعطل کے بعد وادی میں چھروں کا خوف ایک بار پھر طاری ہوگیا ہے۔ زخمیوں میں سے چار حریت پسندوں اوردو شہریوں کی شہادت کے بعد مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔

حریت پسند راہنماﺅں کی کال پر ان ہلاکتوں کے خلاف پیر کے روز ہڑتال جاری ہے۔ قابض بھارتی حکام نے سرینگر، کولگام، اننت ناگ، سوپور اور دوسرے حساس اضلاع میں سخت سکیورٹی پابندیاں نافذ کی ہیں۔ پولیس نے سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظربند کیا گیا ہے جبکہ یاسین ملک کو سینٹرل جیل منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کئی حلقوں کو خدشہ تھا کہ انٹرنیٹ پر بھی پابندی ہوگی، تاہم ابھی تک ایسا نہیں کیا گیا۔

جب سے پی ڈی پی ڈی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ہندوقوم پرست جماعت بی جے پی حمایت سے حکومت سنبھالی ہے، جنوبی کشمیر میدان جنگ بن گیا ہے۔ایک بھارتی فوجی افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر غیرملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ تو درد سر بن گیا دو مسلح نوجوانوں کی حمایت پر گاوں کے گاوں سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔اکثر ہندنواز اور علیحدگی پسند حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاسی خواہشات کے پرامن اظہار پر مسلسل پابندی کی وجہ سے نوجوان مسلح مزاحمت کی طرف مائل ہورہے ہیں اور ان میں بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ہے۔