کاشتکا ر وں کو مارچ میں کپاس کی بی ٹی اقسام کی کاشت کو ترجیح کی ہدایت

پیر 13 فروری 2017 15:03

فیصل آباد۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کم درجہ حرارت پر بیج اگنے کاعمل سست ، پھپھوندی کاحملہ زیادہ ، اگائو متاثر ہونے کا خدشہ رہتاہے لہٰذاکاشتکار فروری کی بجائے مارچ میں کپاس کی بی ٹی اقسام کی کاشت کو ترجیح دیں ۔ انہوںنے کہاکہ یکم مارچ کے بعد کپاس کی کاشت کے مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں اور پیداوار میں بھی کئی گنا اضافہ ہو سکتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ کپاس کی اچھی فصل کے حصول میں اس کی کاشت کاوقت زبردست اہمیت کا حامل ہے جو یکم مارچ کے بعد ہی مناسب ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 15ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب یا کم درجہ حرارت پر کپاس کے پودوں میں خوراک بنانے کاعمل نہائت سست ہو جاتاہے جس سے بڑھنے والے پودے مرنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کپاس کے ننھے پودوں کی مناسب افزائش اور اچھے اگائو کیلئے درجہ حرارت 20ڈگری سینٹی گریڈ ہونا ضروری ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا شمار کپاس پیداکرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہوتاہے جبکہ کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار کا80 فیصد پنجاب سے ہی حاصل ہوتاہے ۔انہوںنے کپاس کے کاشتکاروں کو کاشت سے برداشت تک کے تمام مراحل میں فصل پرخصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔