مہران یونیورسٹی جامشورو میں "وومین لیڈرشپ اور مینجمنٹ " کے عنوان سے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب

پیر 13 فروری 2017 17:47

حیدرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دی ایسو سی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز کے تعاون سے "وومین لیڈرشپ اور منیجمنٹ " کے عنوان سے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی خواتین کو آگے لانے کے لئے پالیسی میں اصلاحات لا ر ہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختیاری کے بغیر خواتین کی آزادی ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں خواتین نے خود کو منوایا ہے اور وہ رہنمائی والا کردار نبھانے کے لئے آگے آئیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے مزید کہا کہ یہ تربیتی ورکشاپ تربیت کرانے والوں کوتربیت دینے کے لئے ہے ۔ اس موقع پر مہمان خاص صوفی یونیورسٹی بھٹ شاہ کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین منشی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی کی موجودہ قیادت نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے اچھے پروگرام منعقدکر وائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کو قیادت کا موقعہ دیا جائے تو سماج میں سے جارحیت کم ہو سکتی ہے اور صنفی ناہمواری کے رجحان میں بھی کمی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہی سماج کو تشکیل دیتی ہیں ۔ ورکشاپ میں مہران یونیورسٹی ، سندھ یونیورسٹی، ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کراچی، فاطمہ جناح یونیورسٹی کراچی، قاعد عوام انجنیئرنگ یونیورسٹی نوابشاہ ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ اور کراچی یونیورسٹی کی خواتین استاتذہ نے شرکت کی ۔

تربیتی ورکشاپ دی ایسو سی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز برطانیہ کی نمائندگی کرنے والی مس ایوی لینا ورڈانین )اور ڈاکٹر عینی گولڈ نے ورکشاپ کے مقاصد اور ہدف پر روشنی ڈالی۔ افتتاحی قتریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید عمرانی و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔