عدالت العالیہ میں پروٹوکول آفیسر کی آسامی پر تعیناتی میں وزیراعظم یا حکومت آزادکشمیر کا کوئی عمل دخل نہیں، ترجمان حکومت

پیر 13 فروری 2017 21:07

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2017ء) حکومت آزادکشمیر کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ عدالت العالیہ میں پروٹوکول آفیسر کی آسامی پر تعیناتی میں وزیراعظم یا حکومت آزادکشمیر کا کوئی عمل دخل نہیں اور نہ ہی اس سلسلہ میں کسی قسم کی مداخلت کی جارہی ہے۔ ایک خاص گروپ پہلے ہی اپوزیشن کی ایماء پر حکومت اور وزیراعظم کے خلاف منفی پراپیگنڈے میںمصروف ہے۔

عدالت العالیہ کے امور میں مداخلت کرنے والوں اور حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی میںمصروف عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر آئین وقانون کے پابند ہیں میرٹ کی بحالی اور بالادستی سے ایک مخصوص گروہ پریشانی میں مبتلا ہے۔ اس گروہ کی پریشانی کا علاج کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر نے عدالت لعالیہ میں پروٹوکول آفیسر کی آسامی پرتعیناتی کے لیے نہ تو کسی کی سفارش کی ہے اور نہ ہی خلاف قانون کوئی اقدام اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تمام محکموں کو پہلے ہی ہدایات جاری کررکھی ہیں کہ اگر ان یا کسی وزیر کی طرف سے کوئی زبانی یا تحریری غیر قانونی احکامات جاری کیے جائیں توان پر عمل درآمد نہ کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدر خان آئین وقانون کی بالادستی اور میرٹ کی بحالی پر یقین رکھتے ہیں ۔

وزیراعظم کے خلاف ایک مخصوص گروہ پراپیگنڈے میں مصروف ہے اور اس گروپ کو اپوزیشن کے ایک دھڑے کی پشت پناہی حاصل ہے۔ اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ منفی پراپیگنڈے میں مصروف گروہ کے خلاف سخت قانون کارروائی عمل میںلائی جائے گی اور رائے عامہ کو جھوٹ کے ذریعے گمراہ کرنے والوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ترجمان نے واضح کیا ہے یہ وہ لوگ جو ماضی کی حکومت میں بلیک میلنگ کے ذریعے مختلف عہدے حاصل کرنے میں کامیاب رہے وہ موجودہ حکومت کو بلیک میل کرکے نہ تو کوئی عہدہ حاصل کرسکتے ہیں اور نہ ہی ایسے لوگوں کو زکوةٰ منافع فنڈ سے ادائیگی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :