معیاری کھادوں کے استعمال کو فروغ دے کر فصلوں کی مطلوبہ زرعی پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے ،ماہرین زراعت

منگل 14 فروری 2017 14:23

فیصل آباد۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ پنجاب سمیت ملک کے اکثر علاقوں کی زمینیں شور زدہ اور زیادہ پی ایچ کی حامل ہونے کے باعث مصنوعی کھادوں کے استعمال کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہورہے تاہم معیاری حیاتیاتی کھادوں کے استعمال کو فروغ دے کر مختلف فصلوں، سبزیوں اور پھلوں کی مطلوبہ زرعی پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے ۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ حیاتیاتی کھادیں انسان اور ماحول دوست ہیں جن کا استعمال پودوںکو زمینی فاسفورس اور دوسری خوراکی اجزاء کی دستیابی میں معاونت کرتا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ہماری زمینوں میں نامیاتی مادہ کی کمی اور نمکیات کی زیادتی کی وجہ سے مفید بیکٹیریا کی افزائش پوری طرح نہیںہورہی اس لیے ہمیں کیمیائی کھادوں کی کارکردگی میں اضافے کیلئے بیکٹیریائی کھادوں کو فروغ دینا ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کاشتکار کیمیائی کھادوں کے استعمال کے وقت اپنی زمینوں کی نوعیت اور زرخیزی کو مدنظر رکھیںتاکہ کھادوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں پیداواری اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔انہوںنے بتایا کہ حیاتیاتی کھادوں کے ساتھ بائیو سٹیمولینٹ ،پلانٹ گروتھ ریگو لیٹرز اور ہارمونز کے استعمال کو فروغ دے کر نائٹروجنی اور فاسفورسی کھادوں کے استعمال میں کمی لائی جاسکتی ہے جبکہ کھادوں کے درست استعمال سے زرعی پیداوار کو بڑھاکر زراعت کو منافع بخش بھی بنا یاجاسکتا ہے۔