جاپانی قونصل خانے کے توسط سے ’’کراٹے ورک شاپ 2017‘‘ کا انعقاد

منگل 14 فروری 2017 23:00

جاپانی قونصل خانے کے توسط سے ’’کراٹے ورک شاپ 2017‘‘ کا انعقاد
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) قونصل خانہ جاپان کراچی اور جاپان کراٹے ایسوسی ایشن (جے کے ای) کے اشتراک سے جاپان معلوماتی اور ثقافتی مرکز میں ’’کراٹے ورک شاپ 2017‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق تین روزہ ورک شاپ کے دوران روزانہ تقریبا 50 پاکستانی کراٹے کھلاڑی روزانہ تربیت حاصل کریں گے۔ ان تربیتی سیشنز کے ذریعے یہ کھلاڑی’ ’کیو‘‘ اور ’’ڈان‘‘ کے مختلف مراحل کے لیے کامیابیوں کی جدوجہد کر سکیں گے۔

اس تناظر میں مزکورہ ورک شاپ جو کہ کاتسوتوشی شینا کی زیر تربیت منعقد کی جا رہی ہے، نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرے گی بلکہ پاکستانی شائقین بھی کراٹے کے جوش و خروش اور سنسنی سے محفوظ سے ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

شینا مصروف کراٹے کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھJKA انسٹرکٹر بھی ہیں اور ڈان 7 سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان جیسے تجربہ کار انسٹرکٹر کی زیر تربیت ہونے والی ورک شاپ کراٹے کی پاکستان میں بطور اولمپک کھیل مقبولیت بڑھانے اور جاپان پاکستان ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

کراٹے کو دو شعبوں ’’کیو‘‘ اور ’’ڈان‘‘ میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ ’’کیو‘‘ کے تحت 10 سے 1 تک معیار ہیں جب کہ ’’ڈان‘‘ میں یہی معیار 1 سے شروع ہو کر 10 تک پہنچتے ہیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ کھیل کراٹے، جس کا آغاز جاپان سے ہوا، اب پاکستان میں بھی دن بہ دن مقبولیت اختیار کر رہا ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں اس وقت کراٹے کے لگ بھگ 40000 کھلاڑی موجود ہیں۔

کراٹے کو ٹوکیو میں ہونے والے 2020 کے اولمپک کھیلوں میں بھی شامل کیا گیا ہے۔قونصل خانہ جاپان کراچی، جاپان اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ کراٹے ورک شاپ 2017 ان تعلقات کی جاپانی مارشل آرٹس ’’کراٹے‘‘ کے ذریعے جاپان سے ہمارے ثقافتی تعلقات مضبوط کرے گی اور ٹوکیو اولمپکس کے حوالے سے کھیلوں کے شعبے میں دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو بھی فروغ دے گی۔