کاشتکاروں کو ٹماٹر اور مر چ کی کاشت بذریعہ پنیری کرنے کی ہدایت

بدھ 15 فروری 2017 15:02

فیصل آباد۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء)محکمہ زراعت فیصل آبادنے بتایاکہ کاشتکاروں کو ٹماٹر اور مر چ کی کاشت بذریعہ پنیری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کے دوران ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ٹماٹر و مرچ کی کاشت کیلئے ایسی پنیری کاانتخاب کریں جس کی عمر 30 سی35 دن تک ہو نیز پنیری کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کیاجائے تاکہ اچھی پیداوار اور بہترین فصل کاحصول ممکن ہوسکے۔

ترجمان نے بتایاکہ کریلے ، گھیاکدو، چپن کدو، کالی توری، بھنڈی توری ، بینگن، ٹماٹر، سبز مرچ ، شملہ مرچ، تر ، کھیرے کی کاشت کا بہترین وقت فروری و مارچ تک ہے کیونکہ یہ سبزیاں 20 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین نشو ونما پاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس سے زیادہ یاکم درجہ حرارت پیداوار پر منفی اثرات مرتب کرتاہے اور فصل بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار سبزیات کے اگائو کیلئے ایسے بیج کا بھی انتخاب کریں جس کے اگائو کی شرح 80فیصد سے کم نہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی ذرخیز میرازمین منتخب کی جائے اور ایسے بیج حاصل کئے جائیں جو کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف بھرپورقوت مدافعت رکھتے ہوں۔