کپاس کے کاشتکاروں کو بوائی سے قبل بیج کی اچھی طرح تیاری اور گندم کے تیزاب کے ساتھ ہاتھ اور کنکریٹ مکسر سے بر اتارنے کی ہدایت

بدھ 15 فروری 2017 15:02

فیصل آباد۔15 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء)زرعی ماہرین نے کپاس کے کاشتکاروں کو بوائی سے قبل بیج کی اچھی طرح تیاری اور گندم کے تیزاب کے ساتھ ہاتھ اور کنکریٹ مکسر سے بر اتارنے کی ہدایت کی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار جدید ٹیکنالوجی کے پیش نظر بوائی سے قبل کپاس کے بیج کا برضرور اتارلیں تاکہ بیج ڈرل کی نالیوں سے بغیرکسی رکاوٹ کے آسانی سے مطلوبہ گہرائی تک پہنچ کراگائو کیلئے درکارنمی حاصل کرسکے کیونکہ اس طرح جہاں بیج کااگائو بہترہو گاوہیں پودوں کی مطلوبہ تعداد بھی حاصل ہو سکے گی جو اچھی پیداوار کیلئے پہلا قدم ہے۔

ماہرین نے بتایاکہ کپاس کے بیج سے گندھک کے تیزاب کے ساتھ ہاتھوں اور کنکریٹ مکسر سے براتارا جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ تیزاب سے بیج کا بر اتارتے ہوئے اس بات کاخیال رکھناچاہیے کہ تیزاب کی بہتر معیارکی مناسب مقدار استعمال کی جائے کیونکہ زیادہ مقدار بیج کو نقصان پہنچانے کے علاوہ اگائو متاثر کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تیزاب جسم اور کپڑے کے کسی حصے پرنہیں پڑنا چاہیے تاہم اگر بر اتارنے کے دوران تیزاب جسم کے کسی حصے پر پڑ جائے تو فوراً متاثرہ جگہ کو اچھی طرح دھو لیاجائے ۔

انہوںنے کہاکہ تیزاب سے جسم کاکوئی حصہ جل جانے کی صورت میں فوری ڈاکٹرز سے رجوع کیاجائے اور تیزاب کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ براترنے کے بعد بیج کوزیادہ دیر تک تیزاب نہ لگارہنے دیاجائے اور فوراً دھو ڈالا جائے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یاماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ اور رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔