نعیم خان کی مقبوضہ کشمیر میں عام لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندیاںعائد کرنے کی مذمت

بدھ 15 فروری 2017 19:15

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اور نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے جنوبی کشمیر میں عام لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندیاںعائد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام اور ترقی کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ لوگوں کو اُن کے گھروں تک محدود کرنا چاہتی ہے لیکن اس سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوسکتا ۔

حریت رہنما نے کہاکہ پابندیاں عائد کرنے اور لوگوں کو نظربند کرنے جیسے اقدامات کیلئے مہذب دنیامیںکوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے معصوم شہریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم اورطاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فرصل کولگام میں مظاہرین پر بھارتی فورسز کے مظالم ریاستی دہشت گردی کی تازہ ترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض حکمران نہتے عوام پر گولیاں اورپیلٹ برساکر انہیں خاموش کرانا چاہتے ہیں اور بھارتی فورسز نے عام شہریوں پر بربریت کے تمام ریکارڈ توڑدیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ نئی دہلی کو سیاسی تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کے لیے آگے آناچاہیے اور جب تک بھارت کشمیر کے حوالے سے غیر حقیقت پسندانہ رویہ تبدیل نہیں کرتا ، مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جاسکتا ۔

نعیم خان نے کہا کہ بھارت مسائل کے حل کے بجائے ان کو مزید اُلجھانے کی راہ پر گامزن ہے جبکہ کشمیر میں بھارت کے مقامی آلہ کار لوگوں کیلئے نئے مسائل پیدا کررہے ہیں۔ انہوںنے حال ہی میں شہیدہونے والے نوجوانوں سمیت تمام شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور فرصل کولگام اور حاجن بانڈی پورہ میںہونے والے زخمیوں کی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی۔نعیم احمد خان نے لاہور میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :